عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// حج2025کیلئے حج کا سفر کرنے کے خواہشمند افراد کو مطلع کیا گیا ہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے 13 اگست 2024 سے آن لائن درخواست فارم طلب کیے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق’’ خواہشمندافراد کو مطلع کیا جاتا ہے کہ آن لائن درخواست فارم داخل کرنے سے پہلے، خواہشمند حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر حج 2025 کے لیے دستیاب حج پالیسی/حج گائیڈ لائنز کو دیکھیں‘‘۔امیدواروں کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ درخواست فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 9 ستمبر 2024مقرر کی گئی ہے۔ درخواست دہندگان کے پاس مشین ریڈ ایبل انٹرنیشنل پاسپورٹ ہونا چاہیے جو درخواست کی آخری تاریخ کو یا اس سے پہلے جاری کیا گیا ہو اور کم از کم 15 جنوری 2026 تک درست ہو۔دریں اثنا، حج درخواست فارم صرف حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پر یا گوگل پلے اسٹور پر دستیاب اینڈرائیڈ موبائل ایپ حج سہولت کے ذریعے حج ایپ پر آن لائن جمع کیا جا سکتا ہے۔