عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//مرکزی وزارت برائے اقلیتی امور نے سال 2024 کے حج کیلئے حج گروپ آرگنائزرز (HGOs) کیلئے رجسٹریشن اور کوٹہ مختص کرنے کے عمل کے نتائج کا اعلان کیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق 2زمروں میںحج گروپ آرگنائزرزسے کل 834 درخواستیں موصول ہوئی تھیںجن میں184اول زمرے اور 650 دوم زمرے میں ہیں ۔ وزارت اقلیتی امور نے جموں و کشمیرسے ان کے مختص کوٹوں کے ساتھ اہل حج گروپ آرگنائزرز کی فہرست بھی جاری کی ہے جن میںلبیک حج اور عمرہ سروسز، الحیات حج اور عمرہ، الغزالی ٹور اینڈ ٹریولز، یونیورس ٹریول کارپوریشن، سحر ٹورز اینڈ ٹریولز اور فلائی ہائی ٹور اینڈ ٹریولز شامل ہیں۔درخواستوں کی حج گروپ آرگنائزر پالیسی برائے 2024، قانونی تعمیل اور HGOs کے ذریعے جمع کرائی گئی معلومات کی بنیاد پر اچھی طرح سے جانچ پڑتال کی گئی۔جانچ پڑتال کے عمل کے بعد زمرہ اول میں 130 ایچ جی اوز کو اہل سمجھا گیا اور ہر ایک کو 101 حجاج کا کوٹہ مختص کیا گیا۔ مزید برآں زمرہ 2 میں 434 ایچ جی اوز کی منظوری دی گئی اور انہیں حج 2024 کیلئے ہر ایک کو 50 عازمین کا کوٹہ دیا گیا۔