بلال فرقانی
سرینگر// جموں کشمیر سے امسال قریب5200عازمین حج بیت اللہ کی زیارت کریں گے اورعازمین کی پہلی پرواز 31مئی کو روانہ وگی۔ سفر مقدس پر روانہ ہونے والے عازمین کیلئے26اپریل کے بعد امکانی طور پر قرعہ اندازی ہوگی۔سعودی عرب کی حکومت نے جمعہ کو حتمی حج 2022 کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سال 55164 خواہشمند ہندوستان سے حج ادا کریں گے جن میں سے 5196 لوگ جموں و کشمیر سے مقدس سفر کریں گے۔کوٹہ کا اعلان طویل انتظار کے بعد کیا گیا کیونکہ سعودی حکومت نے دو سال کے وقفے کے بعد حج 2022 کی اجازت دی ہے۔ سال 2021 اور 2022 کے لیے، کووڈ وبائی امراض کی وجہ سے غیر ملکی مسافروں کے لیے حج معطل رہا۔ سعودی حکومت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ اس سال دس لاکھ افراد حج کریں گے۔ مرکزی حج کمیٹی کے رکن انجینئر اعزاز حسین نے کہا کہ اس سال جموں و کشمیر سے 5196 افراد حج کریں گے۔ ان کا کہنا تھا’’پورے ہندوستان میں، 55164 خواہشمند مقدس سفر کے لیے روانہ ہونے کے حقدار ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ا’جموں و کشمیر سے پہلی حج پرواز اس سال 31 مئی کو روانہ ہوگی‘‘۔ریاستی ایگزیکٹو کمیٹی آفیسر ڈاکٹر عبدالاسلام میر نے کہا کہ مجموعی طور پر 10,000 درخواستیں انہیں موصول ہوئی ہیں اور تمام امیدواروں کی عمر 65 سال سے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ اعلان کردہ کوٹہ کے مطابق صرف 5196 افراد ہی حج کے حقدار ہیں، ہمارے پاس قرعہ اندازی کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ26 اپریل کے بعد قرعہ اندازی کی جائے گی جس کے بعد منتخب افراد کی فہرست حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر ڈال دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی جانب سے جمع کرائی جانے والی رقم کا الگ سے جلد اعلان کیا جائے گا۔