عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے زائد از 50ہزار ہندوستانی عازمین کے حج کی منسوخی کی اطلاع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزارت خارجہ سے یہ معاملہ سعودی حکام کے ساتھ اٹھانے کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ متاثرین میں سے کئی پہلے ہی سالانہ حج کیلئے اپنی ادائیگیاں مکمل کر چکے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’’52ہزار سے زیادہ ہندوستانی عازمین کیلئے حج کی منسوخی کی اطلاع، جن میں سے اکثر نے ادائیگی مکمل کر لی ہے ، گہری تشویش کا باعث ہے ‘‘۔ انہوں نے کہا’’میں وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ تمام متاثرہ عازمین کے مفاد میں ایک حل کی تلاش کے لیے جلد از جلد سعودی حکام کے ساتھ بات چیت کریں‘‘۔ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا’’اس سال مقس حج کرنے کی امید رکھنے والے ہزاروں افراد کی پریشانی کو کم کرنے کے لیے یہ اقدام انتہائی اہمیت کا حامل ہے ‘‘۔ادھرنیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ سعودی حکومت کے تازہ فیصلے سے لوگوں کی بہت بڑی تعداد تشویش میں مبتلا ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی بہت بڑی تعداد محنت کرکے حج کا فریضہ انجام دینے کیلئے رقم جوڑتے ہیں لیکن بدقسمتی سے عرب حکمرانوں کی طرف سے ٹور آپریٹروں کے ذریعے حج پر جانے والے52000عازمین کے کوٹا کو منسوخ کیا گیا ہے جس میںجموںوکشمیر کے بہت سارے ایسے عازمین بھی شامل ہیں جنہوں نے پہلے ہی پیسے جمع کردئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف عازمین کی ایک بہت بڑی تعداد فریضہ حج ادا کرنے سے قاصر رہے گی بلکہ سینکڑوں ٹور آپریٹروں کے ذریعہ معاش پر بھی منفی اثر پڑے گا۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا ’’ ہمارے ملک اور سعودی عرب کے درمیان اچھے سفارتی تعلقات ہیں اور میں وزیر اعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سعودی عرب کے رہنماؤں سے بات کریں کہ ہمارا کوٹاکم نہ کریں‘‘۔انہوں نے کہا’’میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے بھی تاکید کروں گا کہ وہ اس بارے میں وزیر اعظم کو خط لکھیں‘‘۔این سی صدر نے وزیر خارجہ سے بھی اپیل کی کہ وہ یہ معاملہ فوری طور پر اپنے سعودی ہم منصب کے ساتھ اٹھائیں اور تمام عازمین کو حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے اجازت دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ ادھر اپنی پارٹی کے سربراہ سید الطاف بخاری نے پرائیویٹ حج کوٹا میں کمی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اور اقلیتی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو سعودی حکومت کے ساتھ اٹھائیں اور اس فیصلے کی واپسی یقینی بنائیں۔ الطاف بخاری نے اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا ’’ہندوستانی عازمین کیلئے حج کوٹا (نجی ) میں کمی گہری تشویش کا باعث ہے، کیونکہ اس سے ہزاروں (تقریباً 40000 سے زیادہ) عازمین اس سال حج کی ادائیگی سے محروم رہیں گے۔ ان میں سے زیادہ تر عازمین حج نے اپنے مجوزہ سفرِ حج کے لئے پہلے ہی ادائیگیاں کر چکے ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا ’’ میں انکساری کے ساتھ وزیر خارجہ ڈاکٹر جئے شنکر اور اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجیو سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس فیصلے کی واپسی یقینی بنانے کے لیے یہ معاملہ سعودی حکام کے ساتھ اٹھائیں‘‘۔