محمد بشارت
کوٹرنکہ// ضلع راجوری کے بلاک بدھل راج نگر اپر گھبر کی عوام نے طبی مرکز قائم کرنے کی مانگ کرتے ہوے بتایاکہ ایک دور دراز اور پسماندہ علاقہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ایک چھوٹی سی بیماری کے لیے بھی بلاک ہیڈکواٹر بدھل جانا پڑتا ہے۔لوگوںنے کہا کہ متعدد علاقہ جات میں دریائوں، ندی نالوں پر جھولا پل نہ ہونے کی وجہ سے برسات یا برفباری کے دوران انہیں ہیڈ کوارٹر تک پہنچنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین ہزار سے زائد آبادی والا علاقہ بنیادی سہولیات سےمحروم ہے ۔انہوں نے کہا کہ موسم گرما کے دوران گھبر گلیر، بھتان، کلہاڑ، نمبل سے خانہ بدوش لوگوں کا گزر بسر ہوتا ہے اور دوران سفر انہیں بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں حاملہ خواتین کو زچگی کے دوران سخت مشکلات سے گزرنا پڑتا ہے کیونکہ کہ علاقہ میں کوئی طبی مرکز نہیں ہے ۔مقامی لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ اس دور دراز علاقہ میں طبی مرکز قائم کیا جائے۔