ظفراقبال+اشرف چراغ+عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر +کپوارہ+اوڑی //کپوارہ اور ترال میںدوالگ الگ حادثوں میں زخمی ہوئے نوجوان اتوار کو ہسپتال میں دم توڑ بیٹھے،جبکہ اوڑی میں پہاڑی سے پتھر گر آنے کی وجہ سے ایک نابالغ ہلاک اورایک زخمی ہوا،جبکہ چشمہ شاہی سرینگر میں آٹورکشااُلٹنے سے ایک ہی کنبے کے چار افراد اور آٹوڈرائیورزخمی ہوگئے۔اوڑی میں پہاڑی سے پتھر گرآنے کے نتیجے میں ایک نابالغ لقمہ اجل بن گیا جبکہ ایک زخمی ہوا۔اطلاعات کے مطابق دو نابالغ اوڑی کے دھنی سیدن علاقے میں ایک پہاڑی پر بیٹھے تھے اور پہاڑی سے ایک پتھر گرآیا اور اس کے نتیجے میں ایک نابالغ کی موقعہ پر ہی موت واقعہ ہوئی جس کی شناخت 13 سالہ سجاد سفیر مغل ولد سفیر احمد مغل کے ساکنہ دھنی سیدان کے بطور ہوئی ،جبکہ زخمی لڑکے کی شناخت عادل مغل ولد امتیاز مغل ساکنہ دھنی سیدان عمر 10 سال کے طور ہوئی، جسے شدید چوٹیں آئیں۔ مقامی لوگوں نے اُسے پی ایچ سی بونیار منتقل کردیا۔ایک پولیس آفیسر نے نابالغ بچے کی موت کی تصدیق کی ہے۔گزریال کانوجوان جو مقامی نالے میں نہانے کے دوران زخمی ہواتھا،ہفتہ کوسکمزصورہ میں دوران شب اپنی زندگی کی جنگ ہار گیا۔بارہویں جماعت کاطالبعلم اویس قادرلون اپنے دوستوں کے ہمراہ درنگیاری گیاتھااوروہاں اس نے گرمی سے راحت پانے کیلئے نالے میں چھلانگ لگائی اور اس دوران وہ زخمی ہوا۔اویس کوفوری طور سب ضلع ہسپتال کرالہ پورہ میں داخل کیا گیا ،جہاں سے اُسے ڈاکٹروں نے سکمزصورہ ریفر کیا۔سکمزصورہ میں 16روزتک موت وحیات کی کشمکش میں مبتلاء رہنے کے بعد ہفتہ دوران شب اویس نے دم توڑدیا۔ قصبہ ترال کے میڈورہ علاقے میں 20 جولائی کو ایک موٹر سائیکل حادثے میں زخمی ہونے والے دو نوجوانوں میں سے ایک سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ نوجوان جس کی شناخت عابد احمد ولد عبدالعزیز ساکنہ چولاس ترال اور مبشر احمد بٹ ولد جاوید احمد بٹ ساکنہ ترال اس وقت زخمی ہو گئے تھے جب وہ موٹر سائیکل پر سوار ہونے کے دوران حادثے کے شکار ہوئے تھے ۔ عابد موٹر سائیکل دیوار سے ٹکرانے سے شدید زخمی ہو گیا۔ اسے ابتدائی طور پر سب ضلع ہسپتال ترال منتقل کیا گیا اور بعد میں خصوصی علاج کے لیے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال بھیج دیا گیا تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود وہ آج صبح دم توڑ گیا جبکہ دوسرے زخمی مبشر احمد بٹ کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ادھر چشمہ شاہی کے قریب اتوار کی سہ پہر گاڑی سڑک سے پھسل جانے سے پانچ افراد بشمول ایک خاندان کے چار افراد اور ایک آٹو رکشہ ڈرائیور زخمی ہوگئے۔حکام کے مطابق آٹو رکشہ بے قابو ہو کر سڑک سے الٹ گیا جس کے نتیجے میں تمام سوار زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ اس وقت زیر علاج ہیں۔ہسپتال ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پانچوں کی حالت مستحکم ہے۔ ان کی شناخت ٹنگڈار کے رہائشی ضمیر احمد راجہ ، ان کی اہلیہ نسیمہ بیگم،رابعہ، ضمیر احمد کی بیٹی، عمر ضمیر ولد ضمیر احمداور ساحل، آٹو رکشہ ڈرائیور کے بطور ہوئی۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور حادثے کی اصل وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔