بانڈی پورہ //گنڈ پرنگ مدون حاجن میں نامعلوم افراد نے38سالہ محمد یعقوب وگے ولد غلام محمدنامی قصائی کو اپنے کمرے میں ہی گلہ کاٹ کر ابدی نیند سلا دیا ۔واضح رہے کہ اپریل اور مئی کے دوران حاجن اور اسکے مضافات میں اب تک نامعلوم افراد کے ہاتھوں 5افراد ہلاک کئے جاچکے ہیں جن میں چاچا بھتیجا بھی شامل ہیں، جبکہ دو افراد کا سر دھڑ سے الگ کیا گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق جمعرات کی شب ا ڈھائی بجے نامعلوم افراد، جن کی تعداد تین سے چار تک تھی،محمد یعقوب کے گھر میں داخل ہوئے اور جس کمرے میں محمد یعقوب اپنی اہلیہ اور بچے کے ساتھ سویا ہوا تھا اسی کمرے میں داخل ہو کر بیوی اور بچے کے سامنے گلا کاٹ کر مار ڈالا ۔ بتایا جاتا ہے محمد یعقوب پیشہ سے قصائی تھا اور آشپاز کا کام بھی کرتا تھا ۔گزشتہ روز دوسرے گائوں میں وازہ وان پکاکر وہاں سے واپس گھر آگیا اور سوگیا تھا۔ مقامی لوگوں کے مطابق جس وقت نامعلوم افراد کمرے میں داخل ہوگئے تھے اس وقت وہ تھکاوٹ سے گہری نیند میں تھا اور نیند کے دوران ہی موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ۔ حاجن علاقے میں اب تک کا یہ چھٹا واقعہ ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ 6اپریل کو حاجن میں منظور احمد بٹ نامی نوجوان کی سر کٹی نعش برآمد ہوئی تھی،جس کو ایک روز قبل اسلحہ برداروں نے اغوا کیا تھا۔5مئی کو گلشن محلہ شاہ گنڈ حاجن میں نا معلوم بندو ق بردار غلام حسن ڈار کے گھر میں داخل ہو ئے اور وہاں سے غلام حسن اور اسکے بھتیجے 26سالہ بشیر احمد ڈار کو اغواء کر لیا اور بعد میں دو نوں کو گو لیاں مار کر جاں بحق کر دیا ۔17مئی کو حاجن کے پرے محلہ میں ہلال احمد پرے نامی ایک نوجوان کو اغو کرنے کے بعد نزدیکی باغ میں پھانسی پر لٹکا دیا گیا۔