ارشاد احمد
حاجن //حاجن سوناواری میں دو سال قبل ’’میرا گائوں میرا فخر‘‘کے تحت جموں کشمیر بنک کی حاجن شاخ کے قریب سرکاری اراضی پر کار پارکنگ کے لئے جگہ مختص کرکے اسے میونسپل کمیٹی حاجن کی تحویل میں دیکر اس پر باضابطہ تعمیر و تجدید کا کام کرکے اسے عوام کے نام وقف کردیا گیا تھاتاہم اس جگہ پر حاجن میں ریت کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے گروہ نے قبضہ کرکے وہاں پر ریت کے انبار جمع کرکے کاروبار شروع کردیا ہے۔مقامی لوگوں نے معاملے کی نسبت لفٹیننٹ گورنر اور صوبائی کمشنر کشمیر سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قصور واروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کہ دو سال قبل ’’میرا گائوں میرا فخر‘‘اجلاس کے دوران جہلم کے کنارے پر واقع سرکاری اراضی پر گاڑیوں کے لئے کار پارکنگ کی تعمیر کی منظوری دیتے ہوئے اسے میونسپل کمیٹی حاجن سوناواری کے سپرد کردیا گیا۔میونسپل کمیٹی حاجن نے باقاعدہ طور پر کار پارکنگ کی تعمیر کا کام ہاتھ میں لیکر اراضی کے ارد گرد کنکریٹ دیوار تعمیر کردی جبکہ محکمہ تعمیرات عامہ نے روڑی باجری بچھاکر اسے قابل استعمال بنایاتاہم دریا جہلم سے ریت نکالنے والے گروہ نے کار پارکنگ پر قبضہ کرکے سرکاری اراضی کو اپنی ملکیتی اراضی بتاتے ہوئے وہاں پر ریت کے انبار جمع کرنا شروع کردیا۔ مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ،میونسپل کمیٹی حاجن سوناواری سے درخواست کی کہ اس مسئلہ کو حل کرکے کار پارکنگ سے ناجائز قبضہ کوہٹایا جائے ۔اس بارے میں میونسپل کمیٹی حاجن سوناواری کے چیئرمین ارشاد احمد لون نے کہاکہ انہوں نے معاملے کوضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ کی نوٹس میں لایا ہے جنہوں نے اس سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک کمیٹی سب ڈویژنل مجسٹریٹ سمبل سوناواری کی قیادت میں تشکیل دی گئی ہے جس سے رپورٹ طلب کرکے اس مسئلہ کو جلد حل کیا جائے گا۔