سرینگر//شمال و جنوب میں جنگجو مخالف کارروائیوں میں غیر معمولی تیزی کے بیچ حاجن بانڈی پورہ اور امیر آبادترال میں کریک ڈائون کے دوران گھر گھر تلاشی عمل میں لائی گئی۔ہفتے کی صبح حاجن بانڈی پورہ کے پرے محلہ میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیاجہاں پولیس اور فورسز کو جنگجوئوں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔یہ وہی بستی ہے جہاں چند روز قبل اسلحہ برداروں نے بی ایس ایف کے ایک اہلکار کو اس کے گھر میں گولیاں مار کر ہلاک اور اس کے والد و بھائی سمیت3افراد کو زخمی کردیا۔منگل علی الصبح6بجے پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ، فوج کی 13راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف سے وابستہ سینکڑوں اہلکاروں نے علاقے کی طرف جانے والے تمام راستے انتہائی سختی کے ساتھ سیل کردئے جس دوران نہ کسی کو وہاں کی طرف جانے اور نہ ہی کسی کو باہر آنے کی اجازت دی گئی اوررہائشی مکانوں کی تلاشی کا سلسلہ شروع کیا گیا اور مکانوں کے ساتھ ساتھ دیگر تعمیرات کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔دو گھنٹوں کے بعد علاقہ سے فورسز کی واپسی کا عمل شروع ہوااور کریک ڈائون پر امن طور اختتام کو پہنچ گیا۔اُدھر ایس او جی، فوج کی42آر آر اور 180بٹالین سی آر پی ایف کے اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد نے سنیچر کی صبح ترال قصبہ کے مضافاتی علاقہ امیر آباد کو گھیرے میں لیا۔لوگوں نے بتایا کہ محاصرے کے دوران آس پاس کے علاقوں کی سخت ناکہ بندی کے بیچ مکینوں کو باہر نکال کر رہائشی مکانوں اور دیگر تعمیرات کی تلاشی لی گئی ۔کریک ڈائون کئی گھنٹوں تک جاری رہا لیکن فورسز کو جنگجوئوں کا کوئی سراغ نہیں ملاجس کے بعد محاصرہ اٹھالیا گیا۔