عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اپنے صارفین کو جامع مالیاتی حل فراہم کرنے کے اپنے عزم کو مزید مضبوط کرتے ہوئے جے اینڈ کے بینک نے منگل کونیو انڈیا ایشورنس کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ ایک کارپوریٹ ایجنسی معاہدہ کیا۔بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سدھیر گپتا نے بینک کے کارپوریٹ ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ ایم او یو پر دستخط کی تقریب کی صدارت کی، جس میں جنرل منیجر نرجے گپتا نے بینک کی جانب سے کاغذات پر دستخط کیے جبکہ جنرل منیجر (این آئی اے سی ایل) مکتا شرما نے دونوں اداروں کے سینئر افسران کے علاوہ ڈپٹی جنرل منیجر سپنا گپتا (بینک) اور کرن جیکب (این آئی اے سی ایل) کی موجودگی میںکمپنی کیلئے اپنے دستخط کیے ۔اپنے کسٹمر بیس کو ون اسٹاپ انشورنس حل فراہم کرنے کیلئے بینک کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سدھیر گپتا نے ایسوسی ایشن کو بینک کے بڑے گاہکوں کیلئے فائدہ مند بنانے کے ساتھ ساتھ دونوں تنظیموں کیلئے نتیجہ خیز بنانے پر زور دیا۔انہوں نے کہا’’اس اسٹریٹجک تعاون کا مقصد بینک کے صارفین کو مختلف طبقات میں پیش کردہ مالی تحفظ اور انشورنس سلوشنز کے دائرہ کار کو بڑھانا ہے۔ ہمارا بینک جموں و کشمیر اور لداخ کا ایک بڑا مالیاتی ادارہ ہے جس میں پین انڈیا کی اسٹریٹجک موجودگی ہے اور NIACL ملک میں سرکردہ عام بیمہ کنندہ ہے، اسلئے دو بڑے اداروں کا ایک ساتھ آنا، مجھے یقین ہے کہ ہمارے صارفین کو انتخاب کے معاملے میں سہولت اور انتخاب فراہم کرے گا‘‘۔