سرینگر// جموں کشمیر بینک برانچ بڈگام میں 2 ملازمین کے کوویڈ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعدمذکورہ شاخ کو 5 دنوں کیلئے بند کیا گیا ہے۔ ضلع بینک کو اْس وقت بند کیاگیا جب جمعہ کے روز 2 ملازمین کے کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئے۔ حکام نے رابطے میں آنے والے ملازمین کو قرنطین ہونے کی صلاح دی ہے اورساتھ ہی ٹیسٹ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے ۔چیف میڈیکل آفیسر بڈگام ڈاکٹر تجمل حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ جموں و کشمیر بینک کے بڈگام کی شاخ میں2ملازموں کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں اور اسلئے بینک کو فی الحال 5دنوں کیلئے بند کردیا گیا ہے‘‘۔ چیف میڈیکل افسر کا کہنا تھا کہ ضلع بڈگام میں مجموعی طور پر 2لاکھ 68ہزار 185ٹیسٹ کئے گئے جن میں 9ہزار469افراد کی رپورٹیں مثبت آئی تھیں ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ متاثرین میں8588صحتیاب اور 125فوت ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی بھی ضلع میں 756مریض زیر علاج ہیں۔