پٹنہ// قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) کی اہم حلیف اور بہار میں حزب اقتدار جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو ) تین طلاق بل کی لوک سبھا اور راجیہ سبھامیں مخالفت کرے گا۔جے ڈی یو کے قومی جنرل سکریٹری اور بہار حکومت میں وزیر صنعت شیام رجک نے آج یہاں کہاکہ ان کی پارٹی تین طلاق بل کی پارلیمنٹ میں مخالفت کرے گی ۔ جے ڈی یو نے پہلے بھی حکومت کی ایسی کوششوں کی مخالفت کی تھی اور آئندہ بھی اس کی مخالفت کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ جے ڈی یو کی مخالفت کی وجہ سے ہی اس سے متعلق بل راجیہ سبھا میں نہیں آیا تھا۔ مسٹر رجک نے کہاکہ تین طلاق بل کو لیکر جے ڈی یو کی رائے پہلے سے ہی واضح ہے ۔ پارٹی کا واضح طور سے ماننا ہے کہ یہ سماج سے منسلک معاملہ ہے ۔ اس لئے اس معاملے میں کوئی فیصلہ لینے کا حق متعلقہ سماج کو ہے ۔ اس معاملے کو اقلیتی سماج پر ہی چھوڑ دینا چاہئے ۔ جے ڈی یو کے قومی جنرل سکریٹری نے دعویٰ کیاکہ پارٹی کے اس فیصلے سے بی جے پی کے ساتھ اس کے رشتے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ جے ڈی یو مضبوطی کے ساتھ این ڈی میں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جے ڈی یو کا بی جے پی کے ساتھ جب سے رشتہ ہے تب سے ہی اس کا رخ واضح ہے ۔ وہ متنازعہ معاملوں پر بی جے پی کے ساتھ نہیں ہے ۔مسٹر رجک نے کہاکہ ایو دھیا میں رام مندر کی تعمیر ، دفعہ 370 کو ختم کرنے اور یکساں سول کوڈ نافذ کرنے جیسے متنازعہ امور پر جے ڈی یو کی رائے بی جے پی سے مختلف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی پہلے بھی کئی مرتبہ کہہ چکی ہے کہ ان متنازعہ امور پر بی جے پی اپنا فیصلہ مسلط کرنا چاہے گی تو وہ اس کا ساتھ نہیں دے گی ۔جے ڈی یو کے قومی جنرل سکریٹری نے کہاکہ بی جے پی اور جے ڈی یو کی پالیسی ۔ اصول الگ ۔ الگ ہیں ۔ تبھی تو دونوں پارٹیاں بھی الگ ۔ الگہیں۔ دونوںکے رشتے کم ازکم مشترکہ پروگرام کی بنیاد پر ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سبھی کو پتہ ہے کہ جے ڈی یو نے کبھی بھی اپنی پالیسی اور اصولوں سے سمجھوتہ نہیں کیا ہے او ر آگے بھی نہیں کرے گا ۔