سرینگر/ حریت کانفرنس (ع) کے چیئر مین میرواعظ عمر فاروق نے جمعرات کو کہا کہ بھارت کی ریاست جے پور کی جیل میں مقید ایک پاکستانی قیدی کے قتل کے بعد وادی سے باہر کی جیلوں میں ایام اسیری کاٹ رہے کشمیری قیدیوں کے قریبی رشتے دار اپنے عزیز و اقارب کے بارے میں تشویش میں مبتلاء ہوئے ہیں۔
میرواعظ نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا ''پاکستانی قیدی کی بھارت کے جے پور جیل میں قابل مذمت قتل کے بعد بیرون وادی مقید کشمیری سیاسی قیدی غیر محفوظ ہیں جو ان کے اہل خانہ کے لے مزید پریشانی کا سبب ہے وہ حکومت سے اپنے عزیزوں کی کشمیر منتقلی کا مطالبہ کررہے ہیں انتظامیہ قیدیوں کی سلامتی کے زیر نظر انہیں جلد کشمیر منتقل کرے''۔
پچاس سالہ شاکر اللہ ساکنہ سیالکوٹ پاکستان، جو گذشتہ آٹھ برس سے بھارت کی جیلوں میں تھا، کو گذشتہ روز جے پور جیل میں باقی قیدیوں نے مارمار کر قتل کردیا۔ اطلاعات کے مطابق مذکورہ قیدی کا باقی ماندہ قیدیوں کے ساتھ کسی بات کو لیکر جھگڑا ہوا تھا۔