عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جے اینڈ کے نیشنل پینتھرس پارٹی نے مہاراجہ ہری سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یوم الحاق منایا جنہوں نے جموں و کشمیر کو یونین آف انڈیا میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر جے اینڈ کے نیشنل پینتھرس پارٹی کے صدر ولکشن سنگھ نے کہا کہ مہاراجہ ہری سنگھ کی وجہ سے ہی جموں و کشمیر ہندوستان کا حصہ بنا۔ مہاراجہ ہری سنگھ نے 26 اکتوبر 1947 کو الحاق کے دستاویز پر دستخط کیے تھے۔ الحاق کو 27 اکتوبر 1947 کی صبح کے وقت ہندوستان کے گورنر جنرل لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے قبول کیا تھا۔ سنگھ نے کہا کہ الحاق کا دن بہت اہم دن ہے،جموں و کشمیر کی تاریخ اور جموں و کشمیر کے باشندوں کو یہ دن بڑے جوش و خروش سے منانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج کی پہلی بٹالین صبح تقریباً 8.30 بجے سری نگر کے ہوائی اڈے پر اتری۔ یہ ہندوستانی فوج کی پہلی سکھ بٹالین تھی جس نے بارہمولہ ضلع بھر سے پاکستانی فوج کو شکست دی تھی جسے ڈوگرہ آرمی نے بریگیڈیئر کی سربراہی میں تین دن تک روک رکھا تھا ۔ولکشن سنگھ نے کہا کہ سابقہ ریاست جموں و کشمیر کا ایک بڑا حصہ غیر قانونی غیر ملکی قبضے میں ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے پاکستان اور چین کے قبضے والے حصوں کو آزاد کرانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔