سرینگر// گزشتہ دنوں جے اینڈ کے بینک کی ـ’’گولڈ لون اسکیم‘‘ کو مخصوص لیڈیز برانچ جواہر نگر میں متعارف کراتے ہوئے جموں و کشمیر بینک کے چیئرمین اور چیف ایکزیکٹیو پرویز احمد نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہمارا یہ وسیع مشن بر قرار رہیگا کہ سماج کا ہر طبقہ اور ہر فرد مالی لحاط سے خود مختار ہونا چاہئے۔خواتین کو مالی خودمختاری فراہم کرنا ، اُنکی روز مرہ ضرورتوں کا سمجھنا ہمارا فرض بنتا ہے اور اسی پسِ منظر کے تحت ہم اپنی نئی ــ" گولڈ لون اسکیم" اس برانچ میں لانچ کر رہے ہیں۔ اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کو ہم نے ذرا تاخیرسے لانچ کیا لیکن اس اسکیم کے خدو خال باقی تمام بینکوں سے ہٹ کر اور مختلف ہونگے جس میں نہایت آسان شرائط پر خواتین کی خواہشات کا احترام کیا جائیگا۔اس نئی گولڈ لون اسکیم کو متعارف کرنے کے موقعے پر بینک کے تینوں ایکزیکٹیو پریذیڈنٹ پی کے تکو، آر کے چھبر اور عبدالرشید شگن موجود تھے۔اس موقع پر بینک کی خواتین گاہکوں سے گفت و شنید کرتے ہوئے چیئرمین پرویز احمد کہا کہ بینک کے ہر گاہک خاص کر خواتین کے تمام آراء پر بینک سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔ ہم عوام کی خواہشات اور انکے ردِ عمل پر ہی اپنے پروڈکٹس بنا رہے ہیں اور بینک کی اعلیٰ انتظامیہ ہر بینکنگ پروڈکٹ کو مارکیٹ ، عوامی خواہشات اور ضرورتوں کے مطابق ہی تیار کرتی ہے۔اس تقریب میں ایک خاتون فری لانس جرنسلٹ نے جے کے بینک کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب میں نے ایک بڑے انٹرنیشنل بینک میں اپنا اکاؤنٹ کھولا تو مجھے محسوس ہوا کہ جے کے بینک کتنا عوام دوست بینک ہے۔ میں نے نیدر لینڈ میں ایک بین الاقوامی کانفرنس میں میوہ صنعت کے تئیں جے کے بینک کے رول کو اجاگر کیا اور وہاں کا ایک ایگریکلچر RABO بینک جے کے بینک کے بزنس ماڈل سے کافی متاثر ہے۔ گولڈ لون کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پریذیڈنٹ ارون گنڈوترا نے کہا کہ گولڈ یعنی سونا ہمارے سماج میں خاص کر اپنے سماج کی عورتوں میں بڑی اہمیت رکھتا ہے۔ دنیا بھر میں اس قیمتی دھات کا 11 فی صد استعمال ہندوستان کی عورتیں کر رہی ہیں۔ہماری گولڈ لون اسکیم ہر نسوانی مالی ضرورت کا بہترین انتخاب ہے۔