نیوز ڈیسک
جموں//فوج اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں نے منگل کو جموں و کشمیر میں جی 20 میٹنگ سے قبل270 کلومیٹر طویل جموں سری نگر قومی شاہراہ پر سیکورٹی کا جائزہ لیا۔جی20 ٹورازم ورکنگ گروپ کی تیسری میٹنگ22 سے 24 مئی تک گرمائی دارالحکومت سری نگر میں ہونے والی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک بریگیڈیئر سطح کے افسر فورس نے رام بن میں سینئر پولیس اور سی آر پی ایف افسران کیساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی تاکہ جموں سری نگر قومی شاہراہ پر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جاسکے۔جموں میں مقیم وائٹ نائٹ کور آف آرمی نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر لکھاکہ رام بن میںانڈین آرمی اور سیکورٹی ایجنسیوں کے ذریعہ ایک مربوط انداز میں سیکورٹی کے منظر نامے کے جواب کو بہتر بنانے کے لیے ٹیبل ٹاپ مشق کی گئی۔میٹنگ سے پہلے یا اس کے دوران دہشت گردوں کی طرف سے حملہ کرنے کی ممکنہ کوششوں کے بارے میں انٹیلی جنس اطلاعات کے بعد جموں و کشمیر بھر میں سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ سرحدوں کیساتھ انسداد دراندازی گرڈ اور اہم تنصیبات بشمول ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹینڈز کی حفاظت کو مضبوط بنایا گیا ہے، جب کہ دہشت گردی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے شاہراہوں اور اہم شہروں اور قصبوں کے ساتھ مزید چیکنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول کیساتھ ساتھ دیہی دفاعی کمیٹیوں کے علاوہ فوج، بارڈر سیکورٹی فورس، پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی کثیر سطحی سیکورٹی کو چالو کیا گیا ہے۔حکام نے کہا کہ جموں ریلوے سٹیشن پر سیکورٹی کو بھی سخت کر دیا گیا ہے اور تمام ایجنسیوں کو قریبی تال میل سے کام کرنے اور ملک دشمن عناصر کی کسی بھی قسم کی تخریب کاری کی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔حکام نے بتایا کہ سرکاری ریلوے پولیس اور ریلوے پروٹیکشن فورس کے افسران کو بھی ریلوے پلیٹ فارم کے علاقوں اور ریلوے اسٹیشن جموں کے دیگر حساس علاقوں میں گشت تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔