پرویز احمد
سرینگر //بمنہ سرینگر میں تعمیر کیا گیا نیا چلڈرن اسپتال سوموار26ستمبر سے رسمی طور پر کام شروع کریگا۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر احمد چودھری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ اسپتال سوموار کو 10بجے سے بمنہ میں نئی بلڈنگ میں کام شروع کرے گا اور اسی دن صبح 10بجے سے جی بی پنتھ سونہ وار میں او پی ڈی اور آئی پی سہولیات بند کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سونہ وار آنے والے والدین کو اب اپنے بچوںکے علاج و معالجہ کیلئے بمنہ اسپتال میں آنا ہوگا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہاکہ بمنہ اسپتال کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اب جی ایم سی سرینگر کے شعبہ اطفال کو جی بی پنتھ سے بمنہ منتقل کیا جارہا ہے اور یہ عمل پچھلے ایک ہفتہ سے جاری ہے۔ جی بی پنتھ میں روزانہ 1000سے 1200بچے علاج و معالجہ کیلئے آتے ہیں جن میں 70فیصد جنوبی اور وسطی کشمیر کے مختلف اضلاع سے آتے ہیں۔ بمنہ میں بچوں کیلئے علیحدہ شعبہ جات کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جن میںشعبہ امراض اطفال کے علاوہ ننوٹولوجی(Neonatology)،شعبہ سرجری،شعبہ ریڈیو لوجی، شعبہ امراض چشم،شعبہ کارڈیو لوجی، شعبہ نیفرولوجی،شعبہ ہیمٹولوجی،شعبہ گیسٹرو انٹرولوجی،شعبہ نیرولوجی،شعبہ بائوکمسٹری،شعبہ مائکرو بائولوجی، شعبہ آرتھوپیڈکس، شعبہ پتھولوجی اورشعبہ انستھیسیا کی سہولیات دستیاب ہونگیں‘‘۔