سمت بھارگو
راجوری //مسلسل خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری انتظامیہ نے فوری اثر سے تمام کلاسز اور امتحانات معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت ایم بی بی ایس، پیرامیڈیکل اور نرسنگ کورسز کے طلبہ کی کلاس ورک اور امتحانات 26 اور 27 اگست کو نہیں ہوئے۔جی ایم سی انتظامیہ کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ طلبہ اور فیکلٹی ممبران کی جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اسلئے خراب موسم کے دوران غیر ضروری خطرہ مول لینا مناسب نہیں سمجھا گیا۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام طلبہ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ اپنے اپنے ہاسٹلز میں رہیں اور باہر نکلنے سے گریز کریں۔انتظامیہ نے بتایا کہ یہ فیصلہ موسمی حالات کے مزید بگڑنے کے خدشے کو دیکھتے ہوئے لیا گیا ہے تاکہ طلبہ اور اسٹاف کی نقل و حرکت محدود رہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ادھر طلباء نے جی ایم سی انتظامیہ کے اس فیصلے کو دانشمندانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خراب موسم میں کلاسز اور امتحانات کا انعقاد ان کے لیے مشکلات پیدا کر سکتا تھا۔ عوامی حلقوں نے بھی اس اقدام کو مثبت قرار دیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ موسم بہتر ہونے کے ساتھ ہی معمولات بحال ہو جائیں گے۔