جموں//صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا نے صنعت کاروں کو یقین دلایا کہ جی ایس ٹی نظام کی جانب منتقلی کے عمل میں انہیں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں تجارت جاری رکھنے میں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وزیر نے ان باتو ں کا اظہار کل یہاں ایک میٹنگ کے دوران کیا جو اس سلسلے میں صنعت کاروں کو درپیش مسائل کی جانکاری حاصل کرنے کے لئے طلب کی گئی تھی۔ میٹنگ میں ایم ایل اے ست شرما بھی موجود تھے۔گنگا نے کہا کہ صنعت کارو ںکو جی ایس ٹی کے تحت مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں اور اس سلسلے میں ان کی آرا ٔ اور تجاویز پر مناسب کارروائی کی جائے گی ۔ میٹنگ کے دوران صنعت کاروں نے مطالبہ کیا کہ انہیں جی ایس ٹی نظام کی عمل آوری سے پہلے ملنے والے فوائد دئیے جانے چاہئیں۔گنگا نے کہا کہ حکومت ریاست کے صنعتی شعبے کی ترقی کی خواہاں ہے او رجموں میں صنعتوں کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔میٹنگ میں فیڈریشن آف انڈسٹریز جموں کی چیئرمین راجیش جین ، بڑی براہمنا انڈسٹریز ایسو سی ایشن کے صدر للت مہاجن ، سانبہ انڈسٹریز ایسو سی ایشن کے صدر وجے اگروال ،کٹھوعہ انڈسٹریز ایسو سی ایشن کے صدر اجیت بھاوا ، جنرل سیکرٹری سندیپ متل اور دیگر صنعتی انجمنوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔