جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ریاست میں جی ایس ٹی کی عمل آوری کو یقینی بناتے وقت ریاست کی خصوصی پوزیشن کے تحفظ کو یقینی بنانا ریاستی سرکار کی بڑی حصولیابی تھی۔ جموںمیں جدید ادھ یوگ بھون کا افتتاح کرنے کے بعد کئی صنعتی اور تجارتی انجمنوں کے ممبران سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جی ایس ٹی کا ایک بڑا فائدہ یہ رہا ہے کہ اِسنے دو خطوں کے عوام ، بالخصوص تاجروں کو اِسکی عمل آوری پر تبادلہ خیال کے دوران نزدیک لایا۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ ریاست کی الگ جغرافیائی پوزیشن ہے جو تجارتی سرگرمیوں کے لئے زیادہ موافق نہیں ہے، اس لئے عوام اور تجارتی برادری کو چند تحفظات اور ضمانتیں دینا ضروری ہے۔ انہوں نے جی ایس ٹی پر صدارتی حکمنامے میں ریاستی سرکار کی گزارشوں اور حکمنامے میں ضروری تحفظات درج کروانے کو یقینی بنانے پر مرکز کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعلیٰ نے ممبران کو یقین دلایا کہ سرکار انہیں مدد کرتی رہے گی کیونکہ مقامی صنعت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا اہم ذریعہ ہے اور مقامی معیشت میں اِسکا اہم رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار ایس جی ایس ٹی کے تحت مقامی صنعت کو مدد اور مراعات فراہم کرتی رہے گی۔اس سے قبل نائب وزیرا علیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ سرکار مقامی صنعت کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے اور ریاست کے صنعتی مراکز میں بلا خلل بجلی سپلائی یقینی بنائی جارہی ہے ۔ انہوں نے مقامی صنعت کے فروغ اور تحفظ کے لئے ممبران کا تعاون طلب کیا۔صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے احکامات اور رہنمائی میں سرکار جوائنری ملوں، ریشم اور وولن ملوں کو منافع بخش بنانے کیلئے کوشاں ہے اور صنعتی مراکز میں بنیادی ڈھانچے کو فروغ دیا جارہا ہے۔اس موقعہ پر کئی صنعتی کارپوریشن کے نائب چیئرمین ، محکمہ کے کمشنر سیکرٹری شیلندر کمار اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے ریل ہیڈ میں جدید ادھ یوگ بھون کا افتتاح کیا جس میں ختم بند جیسے مقامی آرٹ کا استعمال کیا گیا ہے۔ انہوں نے ڈیٹا سینٹر کا بھی افتتاح کیا ۔ ڈیٹا سینٹر سے محکمہ کی مختلف ایجنسیوں کے کام کاج میں شفافیت یقینی بنے گی اور صنعتکار اپنی شکایات کی ٹریکنگ کر پائیں گے ۔ اس کے علاوہ ڈیٹا سینٹر ٹریفک محکمہ کے ساتھ بھی لنک ہوگا جس سے ای۔ چالان اجرأ کرنے اور سرینگر اور جموں میں ٹریفک سگنل نظام کو چلانے میں بھی کافی مدد ملے گی۔