سرینگر // تعمیراتِ عامہ کے وزیر اور سرکار کے ترجمان نعیم اختر نے کہا ہے کہ سرکار ریاست کی خصوصی پوزیشن کو تحفظ دینے کیلئے کوشاں ہے اور جی ایس ٹی کی عمل آوری کے وقت اسے دھیان میں رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سرکار اسمبلی میں ایک خصوصی بل لائے گی اور جی ایس ٹی کی عمل آوری کے حوالے سے اسمبلی میں مدلل بحث کی جائے گی ۔ وزیر نے کہا کہ قومی غذائی ایکٹ اور پنچائتی ایکٹ کے معاملے میں ریاستی قانون سازیہ نے اپنا ایکٹ متعارف کیا اور جی ایس ٹی کے حوالے سے بھی یہی لایحہ عمل برتا جائے گا ۔ وزیر نے کہا کہ جی ایس ٹی کی عمل آوری سے اشیاءسستی ہوں گی کیونکہ اس سے روائتی دوہرے ٹیکس کے عمل سے چھٹکارہ ملے گا اور ریاست سے تعلق رکھنے والے صارفین کو فائدہ ملے گا ۔ وزیر نے کہا کہ جی ایس ٹی پوری دنیا میں ایک نظم بن چکا ہے کیونکہ اقتصادیات پر اس کے کافی فوائد ہیں ۔ وزیر نے افسران کو افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ چند خود غرض عناصر ہمیشہ ریاست کے مفادات کو زک پہنچانے میں لگے رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی آئین کے تحت ریاست کی خصوصی پوزیشن سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔