عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا (آئی سی اے آئی) اور ریاستی ٹیکس محکمہ جموں و کشمیر کی طرف سے مشترکہ طور پر ریاستی ٹیکس افسران کے لیے گڈز اینڈ سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) پر ایک دو روزہ صلاحیت سازی کا پروگرام یہاں جموں اور سرینگر میں بیک وقت شروع ہوا۔ جموں میں پروگرام کا افتتاح ایڈیشنل کمشنر اسٹیٹ ٹیکس، ایڈمنسٹریشن اینڈ انفورسمنٹ، جموں، نمرتا ڈوگرا نے کیا، جب کہ سری نگر میں سیشن کا افتتاح ایڈیشنل کمشنر اسٹیٹ ٹیکس، ایڈمنسٹریشن اینڈ انفورسمنٹ کشمیر شکیل مقبول نے کیا۔ریسورس پرسنز نے سوال و جواب کے سیشن کے ذریعے STOs کے شکوک و شبہات کو دور کیا، جس میں اکاؤنٹنگ کے بنیادی تصورات اور تکنیکی مسائل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ریسورس پرسنز نے اکاؤنٹنگ کے دائرہ کار اور طریقوں، ڈبل انٹری سسٹم، ڈیبٹ اور کریڈٹ نوٹ، کھاتوں کی درجہ بندی، کیپیٹل اور ریونیو کی وصولیاں اور اخراجات، جی ایس ٹی کا حساب کتاب، فرسودگی کا حساب کتاب، لیجر پوسٹنگ اور ٹرائل بیلنس کی تیاری جیسے کئی موضوعات کا احاطہ کیا۔صلاحیت سازی کے پروگرام میں ریئل اسٹیٹ، مہمان نوازی اور سیاحت کے شعبے سے متعلق جی ایس ٹی قانون، بینکنگ اور انشورنس انڈسٹری، کام کے معاہدوں کے ساتھ ساتھ بینکنگ اور بیمہ کمپنیوں کے مالی بیانات کا جی ایس ٹی کے تناظر میں تجزیہ جیسے مسائل پر بھی غور کیا گیا۔ریڈ فلیگ رپورٹس کی اقسام، تحقیقاتی تجربات – عملی بصیرت کے ساتھ دلچسپ کیسز، جانچ پڑتال اور آڈٹ کے نظام کا جائزہ اور GST کے تحت E-انوائسنگ پر بھی سیشن کے دوران غور کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نمرتا ڈوگرا نے کہا کہ کیپیسٹی بلڈنگ پروگرام کمشنر اسٹیٹ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رشمی سنگھ کی رہنمائی میں شروع کیا گیا ہے اور یہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی موجودگی میں ICAI کے ساتھ محکمہ کے حالیہ ایم او یو پر دستخط کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسٹریٹجک اقدام نہ صرف محکمہ کے ٹیکس افسران کی پیداواری صلاحیت کو بڑھاتا ہے بلکہ ملک کی وسیع تر اقتصادی ترقی کے لیے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کمیونٹی کے درمیان اہم شراکت داری کو بھی فروغ دیتا ہے۔