عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ریاستی محکمہ ٹیکس کشمیر نے جی ایس ٹی انوائسز اور ای وے بل جیسے مناسب دستاویزات نہ رکھنے پر جی ایس ٹی ڈیفالٹرز سے اپریل 2023 سے نومبر 2023 تک 3۔86 کروڑ روپے کا جرمانہ وصول کیا ہے۔ اس میں پہلگام، گلمرگ اور اینٹوں کے بھٹے بالخصوص ضلع بڈگام میں ہوٹلوں کے خلاف چلائی گئی خصوصی مہم بھی شامل ہے۔ مزید برآں وادی میں کام کرنے والے کوچنگ سنٹرز کے خلاف بھی اچانک معائنہ کیا گیا۔گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں عائد جرمانے میں 124 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جبکہ جرمانے کی وصولی میں 46۔13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جن اہم شعبوں پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں ان میں دھاتی اسکریپ، الیکٹرک، الیکٹرانکس سامان، ہوٹل، اینٹوں کے بھٹے، تعمیراتی سامان وغیرہ شامل ہیں۔ایڈیشنل کمشنر، اسٹیٹ ٹیکس ڈپارٹمنٹ ایڈمنسٹریشن اینڈ انفورسمنٹ، کشمیر شکیل مقبول نے کارکردگی کو سراہا اور افسروں اور اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ نفاذ کی کارروائی کی اپنی کوششوں کو دوگنا کریں تاکہ ایسے ٹرانسپورٹرز پر خصوصی زور دیا جا سکے جو مناسب رسیدوں کے بغیر سامان لے جا رہے ہیں۔