پانپور//ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو ںے ضلع پلوامہ کے پتا باغ پانپور میں زعفران فیلڈ ڈے کا اِفتتاح کیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے زعفران فیلڈ ڈے کا اِفتتاح کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری زعفران کے جی آئی ٹیگ نے اسے بین الاقوامی مارکیٹ میں نمایاں کیا ہے اور عالمی سطح اَپنی ساکھ بنائی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ جی آئی ٹیگ نے نہ صرف کسانوں کی آمدنی میں اِضافہ کیا بلکہ دیرپا اور محفوظ آمدنی بھی فراہم کی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ جی آئی ٹیگ سے مصنوعات کی مارکیٹنگ اور فروغ نے اس مخصوص خطے میں ثانوی اِقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ کیا ہے جس سے علاقائی اِقتصادی ترقی کو فروغ ملا ہے۔اُنہوں نے کہاکہ آبپاشی سہولیات ، اَچھے معیار کے فارمز وغیرہ سے متعلق مختلف مسائل کو حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ ان مسائل پر توجہ دی جائے گی ۔
اُنہوں نے کہا کہ قومی زعفران مشن کے تحت کافی کام کیا گیا ہے اور آنے والے دِنوں میں ابھی بھی بہت ساکام ہونا ہے۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو قومی زعفران مشن کے مؤثر عمل آوری زعفران کی کاشت کے تحت زمین کے اِستعمال کے بارے میں جانکاری دی۔اُنہوں نے دیگر فلیگ شپ پروگراموں جیسے پی ایم کسان وغیرہ کی صورتحال کے بارے میں بھی بتایا۔ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اِقبال نے اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ زعفران فیلڈ ڈے منانے کا مقصد فصل پر تازہ ترین تحقیق کے حوالے سے معلومات کو عام کرنا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس پروگرام سے زعفران کے کاشت کاروں کو محکمہ کے تکنیکی ماہرین سے بات چیت کرنے کا موقعہ ملا جنہوں نے زعفران کی پیداوار کے میدان میں جدید ترین ٹیکنالوجیز اور ترقی کے بارے میں بیداری پید اکی۔بعد میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کسانوں میں زعفران کی بحالی کے ترغیبی چیک اور زعفران کے کاشت کاروں میں منظور ی نامے اور ٹریکٹر بھی تقسیم کئے ۔اِس موقعہ پر ایس ایس پی اونتی پورہ محمد یوسف ، ڈی ڈی سی مبر پتا باغ ، جوائنٹ ڈائریکٹر ایگر کلچر اِن پُٹس فاروق احمد بٹ ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایگری کلچر پلاننگ محمد یونس چودھری ، چیف ایگری کلچر آفیسر پلوامہ ، سینئر اَفسران اور زعفران کے کاشت کاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔