سمت بھارگو
راجوری // سندربنی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پرملی ٹینٹوں کی جانب سے کی گئی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کے بعد فوج کے وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے راجوری اور اکھنور سب ڈویژن کے حساس سرحدی علاقوں لالیالی اور پلانوالہ کا دورہ کیا۔یہ دورہ اس وقت عمل میں آیا جب گزشتہ ہفتے سندربنی سیکٹر میں ملی ٹینٹوں نے ایل او سی پر دراندازی کی کوشش کی تھی، جس کے دوران فوج اور ملی ٹینٹوں کے درمیان کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس کارروائی میں بھارتی فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) ہلاک ہوا، تاہم فوج نے کامیابی سے اس دراندازی کو ناکام بنا دیا۔لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا کے ہمراہ جی او سی کراسڈ سورڈز ڈویژن بھی موجود تھے۔ انہوں نے دونوں حساس سب سیکٹروں کا تفصیلی جائزہ لیا، جو کہ نہ صرف سرحدی کشیدگی بلکہ جغرافیائی لحاظ سے بھی چیلنجنگ تصور کئے جاتے ہیں۔ ان علاقوں میں گہرا جنگلاتی احاطہ اور دشوار گزار پہاڑی راستے دراندازی کے امکانات کو بڑھا دیتے ہیں۔فوج کے مطابق، جی او سی کا یہ دورہ آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے، سیکورٹی صورتحال کو سمجھنے اور موقع پر موجود افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے کیا گیا تھا۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے کالیدھر بریگیڈ کے جوانوں کی بہادری اور چوکسی کی تعریف کی، جنہوں نے ’آپریشن مثالا‘ کے دوران دراندازی کی کوشش کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا۔انہوں نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدلتی ہوئی سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر ہمیں ہمہ وقت تیار رہنے کی ضرورت ہے۔ اْن کا کہنا تھا کہ فوجی جوانوں کی قربانیاں اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں ملک کی حفاظت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فوجی قیادت تمام جوانوں سے مسلسل رابطے میں ہے اور وہ ایل او سی پر مکمل چوکسی اور تیاری کو برقرار رکھے ہوئے ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔