سمت بھارگو
راجوری // جموں و کشمیر کے سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ کے سنگم پر واقع بھمبر گلی سیکٹر کی اگلی چوکیوں کا جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) وائٹ نائٹ کور لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ فوجی جوانوں کی عملی تیاریوں کو بھی پرکھا۔فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جی او سی وائٹ نائٹ کور کے ہمراہ جنرل آفیسر کمانڈنگ ’ایس آف اسپے ڈویژن‘ میجر جنرل کوشک مکھرجی اور دیگر سینئر فیلڈ کمانڈر بھی موجود تھے۔ انہوں نے اگلی چوکیوں پر تعینات فوجی جوانوں سے بات چیت کی اور انہیں خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔دورے کے دوران جی او سی نے کہا کہ فوجی جوانوں کو ہمیشہ مضبوط حکمتِ عملی اور بھرپور تیاری کے ساتھ متحرک رہنا ہوگا تاکہ دشمن کی کسی بھی حرکت کو ناکام بنایا جا سکے۔ انہوں نے جوانوں پر زور دیا کہ وہ موثر نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط کریں اور چوکیوں پر تسلط قائم رکھتے ہوئے ہر ممکن اقدامات کریں تاکہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔اس موقع پر جی او سی نے فوجی اہلکاروں کے حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور ملک کے دفاع کے لئے ان کی غیر متزلزل وابستگی کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے جوان ملک کی علاقائی سالمیت کے محافظ ہیں اور ان کی انتھک محنت اور قربانیاں ہی دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔