آئی پی او 2026کی پہلی ششماہی میں آئے گا:مکیش امبانی
یو این آئی
ممبئی//ریلائنس جیو نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا، کمپنی کے صارفین کی تعداد 50کروڑ عبور کر گئی۔کمپنی کا آئی پی او(initial public offering) اگلے سال یعنی 2026کی پہلی ششماہی میں آئے گا۔ ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کی 48ویں سالانہ جنرل میٹنگ میں حصص یافتگان سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین اور منیجنگ ڈائرکٹر مکیش امبانی نے یہ معلومات دیں۔مکیش امبانی نے کہا’’مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے فخر ہو رہا ہے کہ جیو اپنے آئی پی او کے لیے درخواست دینے کی تیاری کر رہا ہے۔ ہمارا مقصد 2026کے پہلے نصف تک جیو کو فہرست میں لانا ہے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ جیو ہمارے عالمی ہم منصبوں کی طرح قدر پیدا کرے گا۔ مجھے یقین ہے کہ یہ تمام سرمایہ کاروں کے لیے ایک بہت پرکشش موقع ہو گا‘‘۔ شیئر ہولڈرز اور صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مکیش امبانی نے جیو کو زندگی بدلنے والا قرار دیا۔ جیو کی کامیابیوں کی فہرست دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیو نے کچھ ناقابل تصور کام کیے ہیں۔ جیسے کہ وائس کال مفت کرنا، ڈیجیٹل ادائیگیوں کا طریقہ بدلنا، آدھار، یو پی آئی، جن دھن جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو بحال کرنا اور دنیا کے تیسرے سب سے بڑے اسٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام کی ریڑھ کی ہڈی کے طور پر کام کرنا۔ریلائنس جیو کے چیئرمین آکاش امبانی نے کہا کہ ملک میں 5Gکے تیز ترین رول آوٹ کے بعد، جیو کے 5Gصارفین کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ 22کروڑ سے زیادہ صارفین جیو ٹرو 5جی نیٹ ورک سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیو جلد ہی بین الاقوامی آپریشن شروع کرے گا۔مکیش امبانی نے کہا کہ جیو ٹرو 5جینے ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کی رفتار، معتبریتا اور رسائی کی نئی تعریف کی ہے۔ میں نے لوگوں کو کہتے سنا ہے کہ جیو نے میری زندگی بدل دی ہے یا مجھے جیو پسند ہے۔ لیکن میں دل سے کہتا ہوں کہ حقیقت میں، ہر ہندوستانی نے جیو کو اپنی زندگی کا حصہ بناکر اسے کھڑا کیا ہے۔دریں اثناء ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ نے مصنوعی ذہانت کے لیے گوگل کلاوڈ کے ساتھ ایک اسٹریٹجک شراکت داری کی ہے۔ شراکت داری کا اعلان کرتے ہوئے ریلائنس کے چیئرمین مکیش امبہانی نے واضح کیا کہ یہ اتحاد ہندوستان کو مصنوعی ذہانت کے میدان میں بڑی چھلانگ لگانے میں مدد دے گا۔ ریلائنس کے کام کو تیز کرنے کے لیے، ریلائنس اور گوگل کلاوڈ مل کر جام نگر، گجرات میں ایک جدید ترین، AI پر مرکوز کلاوڈ ریجن بنائیں گے۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ نیا منصوبہ مکمل طور پر گرین انرجی پر چلے گا۔ ریلائنس جیو جام نگر کو ممبئی اور دہلی جیسے بڑے میٹرو سے جوڑنے کے لیے اعلی صلاحیت کا انٹرا اور انٹر میٹرو فائبر کنیکٹیویٹی فراہم کرے گا۔