عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//الطاف بخاری کی قیادت والی’ اپنی پارٹی ‘نے جیل میں بند سرجان برکاتی ، جو وسطی کشمیر کے بیروہ حلقہ سے آزاد امیدوار کے طور پر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔بخاری نے چھانہ پورہ حلقہ انتخاب کے برزلہ علاقے میں اپنی انتخابی مہم کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرجان برکاتی کی حمایت کا اعلان کیا۔ بخاری نے کہا، ’’حقیقت یہ ہے کہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری ہمارے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے، اب تک کی حکومتیں یہاں روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ اس لیے میں نوجوانوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ خود تبدیلی کا حصہ بنیں، نوجوانوں کو خود حکومت کا حصہ بننا ہوگا تاکہ وہ جموں و کشمیر میں نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کی تشکیل میں مدد کر سکیں۔‘‘ایس آر او 43 کے تحت زیر التوا کیسوں کے بارے میںانہوںنے کہا، ’’اگر ان انتخابات میں اپنی پارٹی کو مینڈیٹ حاصل ہوتا ہے تو SRO-43 کے تحت تمام زیر التوائکیسوں کو نمٹا دیں گے۔ ایسا کرنا متعلقہ لوگوں پر کوئی احسان نہیں ہوگا، بلکہ یہ اْن کے حق کی ادائیگی ہوگی۔ عمومی طور پر ایس آر او 43 کے تحت محض تین ماہ کے اندر اندر ملازمتیں فراہم کی جانی چاہیں۔ لیکن بدقسمتی سے یہاں یہ معاملات سالہا سال سے لٹکے ہوئے ہیں۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ متعلقہ اْمیدواروں کو ان کے حقوق مل جائیں۔‘‘