پلوامہ//ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ غلام محمد ڈار کی صدارت میںمنگلوارکوافسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں دریائے جہلم سے غیر قانونی طورریت نکالنے پر مکمل پابندی لگانے کافیصلہ لیا گیا۔میٹنگ میں جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ،ایڈیشنل کمشنر ڈیولپمنٹ،ایگزیکٹیو انجینئراریگیشن اینڈ فلڈ کنٹرول ،اے ڈی فشریز،جیالوجی اور مائننگ کے افسران نے شرکت کی۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں دریائے جہلم کے بیشتر حصوں سے غیر قانونی طورریت نکالنے کی کئی شکایات موصول ہوئیں جن کا ازالہ کرنے کیلئے انہوں نے متعلقہ افسران کی ایک میٹنگ منعقد کی تاکہ دریائے جہلم سے غیر قانونی طور ریت نکالنے پر پابندی عائد کی جاسکے اور ملوثین کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ جب تک جیالوجی اینڈ مائننگ محکمہ سے کوئی خاص ماحول دوست پلان سامنے نہ آجائے تب تک دریا سے ریت نکالنے کی اجازت نہیں ہوگی اور اس سلسلے میں انتظامیہ کی طرف سے باضابطہ حکم نامہ جا ری کیا گیا۔