سرینگر//گورنر این این ووہر انے جھیل ڈل کے تفصیلی دورے کے دوران اس جھیل کی صفائی کے تعلق سے حاصل کئے گئے اہداف کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جھیل سے گھاس نکالنے اور سوسن ہٹانے کے کام کا بھی جائیزہ لیا۔بی بی ویاس، فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کے بی اگروال، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان اور وی سی لاؤڈا اے ایچ شاہ بھی گورنر کے ہمراہ تھے۔گورنر کو بتایا گیا کہ جھیل سے للی (سوسن) نکالنے کیلئے تقریباً700 پیشہ وار مزدوروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور ابتک81461 مکعب میٹر رقبہ سے سوسن ہٹائے گئے ہیں۔ اسکے علاوہ350 کے قریب نیم پیشہ ور مزدوروں کو جھیل سے گھاس نکالنے کے کام پر لگایا گیا ہے اور اب تک49825 مکعب میٹر رقبہ سے گھاس نکالی گئی ہے۔گورنر کو مزید بتایا گیا کہ لاؤڈا نے گھاس نکالنے کے لئے3 ہارویسٹر اور2 سکمر بھی کام پر لگائے ہیں۔ گورنر نے وی سی لاؤڈا کو ہدایت دی کہ وہ اس کام میں سرعت لانے کے لئے مشینوں کو دہرے شفٹ میں استعمال کریں۔گورنر نے ہدایت دی کہ ایس کے آئی سی سی اور این پی ایل بنڈ کے درمیان رقبہ سے سوسن اور گھاس نکالنے کے کام پر خصوصی توجہ مرکوز کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جھیل کی صفائی کے لئے مشینیں حاصل کرنے کی خاطر ٹینڈر اجراء کرنے کا کام سات روز کے اندر مکمل کیا جانا چاہئے۔گورنر نے لیک اتھارٹی کے اب تک کے کام کاج کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے اس ادارے کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے سیویج کو کنٹرول کرنے کے لئے مناسب اقدامات کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کی بی اگروال کو اس سلسلے میں الگ منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی۔گورنر نے ہدایت دی کہ تمام ہاؤس بوٹوں کو ہولڈنگ ٹینکس نصب کرنے کی نوٹس جاری کی جانی چاہئے تا کہ ہاؤس بوٹوں سے خارج ہونے والا فضلہ ڈل کے پانی میں نہ ملے۔اس موقعہ پر فیصلہ لیا گیا کہ لیک اتھارٹی راج بھون کو حالات سے باخبر رکھنے کے لئے روزانہ بنیاد پر ایک بُلٹن تیار کرے گی جس میں ڈل کی صفائی کے تعلق سے اہداف کے حصول کے بارے میں بتایا جائے گا۔گورنر نے دس روز کے بعد جھیل ڈل سے گھاس اور سوسن نکالنے کے کام کا جائیزہ لینے کا فیصلہ لیا ہے۔