رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ قصبہ کے مصروف علاقے جھنگڑ چوک میں میونسپل کمیٹی نوشہرہ کی طرف سے تعمیر کیا گیا عوامی بیت الخلا اس وقت بدترین حالت میں پہنچ چکا ہے۔ مقامی شہریوں کے مطابق، بیت الخلا کی صفائی کئی دنوں سے نہیں کی گئی، پانی کی فراہمی بند ہے اور جگہ جگہ گندگی جمع ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے عوام کو اس کا استعمال کرنا مشکل ہو گیا ہے۔اس بیت الخلا کو نوشہرہ میونسپل کمیٹی نے عوامی سہولت کے لئے تعمیر کیا تھا تاکہ شہریوں، خاص طور پر بازار آنے والی خواتین اور بزرگوں کو بنیادی سہولت میسر ہو۔ مگر کمیٹی کی لاپرواہی کے باعث یہ سہولت اب ایک بڑی پریشانی میں تبدیل ہو چکی ہے۔ چھت پر نصب پانی کی ٹنکی عرصہ دراز سے خالی پڑی ہے، اور بیت الخلا کے اندر صفائی نہ ہونے کے باعث گندگی اور بدبو سے لوگ قریب سے گزرنے سے بھی گریز کرتے ہیں۔مقامی دکانداروں نے بتایا کہ بیت الخلا کے عین سامنے کئی دکانیں قائم ہیں، اور وہاں سے اٹھنے والی بدبو نے کاروبار پر منفی اثر ڈالا ہے۔ گاہک اکثر بدبو کی شکایت کرتے ہیں اور وہاں رکنے سے کتراتے ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ وہ متعدد بار میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں اور متعلقہ افسران سے صفائی اور پانی کے انتظام کے لئے اپیل کر چکے ہیں، مگر ہر بار صرف یقین دہانی کروائی گئی، عملی طور پر کچھ نہیں کیا گیا۔خواتین کے لئے یہ صورتحال مزید پریشان کن ہے، کیونکہ بازار یا قریبی علاقے میں کسی اور بیت الخلا کی سہولت دستیاب نہیں۔ ایک مقامی خاتون نے بتایا کہ “ہمیں مجبوری میں طویل وقت تک خود کو روکنا پڑتا ہے کیونکہ اس بیت الخلا کی حالت دیکھ کر اندر جانا ممکن ہی نہیں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران کی لاپرواہی نے شہر کی خوبصورتی کو داغدار کر دیا ہے۔ بیت الخلا کے اردگرد گندگی کے ڈھیر لگے ہیں، جنہیں صاف کرنے کے لئے کوئی مستقل عملہ تعینات نہیں کیا گیا۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی نوشہرہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ جھنگڑ چوک کے بیت الخلا میں فوری طور پر پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، صفائی کا باقاعدہ نظام قائم کیا جائے، اور وہاں بدبو کو ختم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو اس اذیت سے نجات مل سکے۔