راجا ارشاد احمد
گاندربل //زرعی یونیورسٹی کے شعبہ جنگلات بونہ ہامہ نے زرعی پروڈکشن محکمہ ہارون کے باہمی اشتراک سے جموں و کشمیر میں تجارتی بنیادوں پر دواؤں اور خوشبودار پودوں کی کاشت کو فروغ دینے کیلئے ایچ اے ڈی پی پروجیکٹ کے تحت ایک روزہ تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔ تربیتی پروگرام میں شعبہ سے وابستہ خواہشمند کسانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔شعبہ جنگلات کے سربراہ پروفیسر ایس اے گنگو تربیتی پروگرام میں مہمان خصوصی اور پروفیسر صوفی پرویز احمد سربراہ فارسٹ پروڈکٹس اینڈ یوٹیلائزیشن بھی شامل رہے۔
پروگرام کے آغاز میں ڈاکٹر پیرزادہ اشتیاق احمد اسسٹنٹ پروفیسر اور پرنسپل انوسٹی گیٹرایچ اے ڈی پی پروجیکٹ برائے میڈیسنل اور ارومیٹک پلانٹس نے اپنے خطاب میں تجارتی پیمانے پر دواؤں اور خوشبودار پودوں کی کاشت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ایچ اے ڈی پی پروجیکٹ کے تحت دستیاب اسکیموں کے بارے میں تفصیل سے بتایا اورمقامی کسانوں کیلئے ان پودوں کی آمدنی پیدا کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔شعبہ جنگلات کے سربراہ پروفیسر ایس اے گنگو نے اپنے خطاب میں مخصوص پودوں جیسے کٹھ، کٹکی، روزمیری اور لیوینڈر وغیرہ کیلئے مارکیٹ اور مالی فائدہ کے مواقع کے بارے میں مکمل روشنی ڈالی تاکہ اس معیشت سے وابستہ کسانوں کو خودکفیل بنایا جاسکے۔ دواؤں کے پودوں کی کاشت کے بارے میں ڈاکٹر سجاد احمد نے معلوماتی پروگرام کے انعقاد پر محکمہ جنگلات کے شعبہ مصنوعات اور استعمال اور HADP پروجیکٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی کاشت کو فروغ دینے میں جنگلاتی مصنوعات اور استعمال کے ڈویژن کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔