جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن اور سرنکوٹ کے درمیان میں واقع جڑانوالی گلی علاقہ میں اس وقت پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جبکہ محکمہ کے ملازمین و آفیسران انتہائی غفلت شعاری کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ کی قیادت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کو جوابدہ نہیں بتایا گیا ہے جس کی وجہ سے واٹر سپلائی سکیم پر تعینات ملازمین اپنے ذاتی کارو بار میں مصروف ہیں جبکہ فیلڈ میں تعینات آفیسران بھی ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہورہے ہیں جس کی وجہ سے پانی کی قلت نے رمضان میں بحرانی صورتحال اختیار کرلی ہے ۔طالب چوہدری نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ واٹر سپلائی سکیم پر تعینات ملازم جڑانوالی گلی میں جموں پونچھ شاہراہ کے کنارے پھل اور سبزیاں فروخت کرنے میں مصروف رہتا ہے جبکہ وہ ڈیوٹی پر حاضر ہی نہیں ہوتا جس کی وجہ سے ایک وسیع آبادی کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایاکہ اس سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ اعلیٰ آفیسران سے بھی رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گائوں کی پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے متعلقہ فیلڈ آفیسران و ملازمین کو ہدایت جاری کی جائیں ۔