رانچی// لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ نے بہترین گیندبازی کرتے ہوئے 124 رن پر پانچ وکٹ حاصل کرکے آسٹریلیا کو تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن جمعہ کو پہلی اننگز میں 451 رن پر سمیٹنے میں اہم کردار ادا کیا اور پھر ہندوستان نے مضبوط شروعات کرتے ہوئے دن کا کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 120 رن بنا لئے ۔ہندوستان اب آسٹریلیا کے 451 رن کے اسکور سے 331 رن پیچھے ہے جبکہ اس کے نو وکٹ محفوظ ہیں۔ ہندوستان کا واحد وکٹ لوکیش راہل کے طور پر گرا جو 102 گیندوں پر نو چوکوں کی مدد سے 67 رن بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ راہل کی سیریز میں یہ چوتھی نصف سنچری تھی۔ راہل اور چوٹ سے نجات حاصل کرکے اس میچ میں واپسی کرنے والے مرلی وجے نے پہلے وکٹ کے لئے 31.2 اوور میں 91 رن کی شاندار افتتاحی شراکت کی۔ مشیل اسٹارک کی جگہ اس میچ میں آسٹریلیائی ٹیم میں شامل کئے گئے پیٹ کمنز نے راہل کو وکٹ کیپر میتھیو ویڈ کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ اپنا 50 واں میچ کھیل رہے وجے پہلے دن کے کھیل کے اختتام کے وقت 112 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 42 رن اور چتیشور پجارا 26 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 10 رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ دونوں نے دوسرے وکٹ کے لئے اب تک 29 رن کی شراکت کی ۔تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل چار کھلاڑیوں کے نام رہا جن میں سے ایک تو میدان میں ہی نہیں تھے ۔ آسٹریلیائی کپتان اسٹیون سمتھ نے ناٹ آؤٹ 178 رن کی بہترین اننگز کھیلی لیکن دوسرے سرے پر جوڑی دار نہ ملنے کی وجہ سے وہ ڈبل سنچری بنانے سے محروم ہوگئے ۔ آل راؤنڈر گلین میکسویل (104) نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری بنا ئی۔لیفٹ آرم اسپنر جڈیجہ نے 49.3 اوور کی میراتھن گیندبازی میں 124 رن پر پانچ وکٹ حاصل کئے ۔ جس طرح پونے اور بنگلور کی پچ سے اسپنروں کو مدد ملی تھی ویسی مدد جے ایس سی اے کی پچ سے اسپنروں کو نہیں ملی۔اس کے باوجود جڈیجہ نے اپنے کیریئر میں آٹھویں بار ایک اننگز میں پانچ وکٹ حاصل کر لیے ۔کندھے کی چوٹ کی وجہ سے کل میدان سے باہر ہوئے ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی آج بھی آسٹریلیائی اننگز میں فیلڈنگ کرنے نہیں اترے ۔ وراٹ کے سلسلے میں یہ بحث مسلسل ہوتی رہی کہ وہ اب کس نمبر پر بلے بازی کرنے آئیں گے ۔ وراٹ تاہم ڈریسنگ روم میں کئی بار بلا لے کر اس سے کھیلنے کی مشق کرتے رہے ۔ ہندوستان کی پہلی اننگز میں ایک ہی وکٹ گرا جس سے وراٹ کے میدان میں اترنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ کپتان اسٹیون اسمتھ (ناٹ آوٹ 178) کی شاندار اننگز سے پہلی اننگز میں 137.3 اوور میں 451 رن بنائے ۔ آسٹریلیا نے صبح چار وکٹ پر 299 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ اسمتھ 117 اور میکسویل 82 رن پر ناٹ آوٹ تھے ۔ اسمتھ نے 361 گیندوں کی اننگز میں 17 چوکے لگائے اور گلین میکسویل (104) کے ساتھ آسٹریلیائی ٹیم کی جانب سے پانچویں وکٹ کے لئے ہندوستان کے خلاف 191 رن کی ریکارڈ شراکت بھی کھیلی۔کپتان اسمتھ نے میچ کے پہلے ہی دن اپنے 5000 ٹیسٹ رنز بھی مکمل کر لئے تھے جبکہ وہ ہندوستانی کی سر زمین پر میزبان ٹیم کے خلاف 150 سے زیادہ اسکور بنانے والے پہلے آسٹریلیائی کپتان بھی بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے یہ ریکارڈ سابق کپتان مائیکل کلارک کے نام تھا جنہوں نے 13 ۔2012 میں 130 رن کی اننگز کھیلی تھی۔