عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//اسمبلی ممبر سرنکوٹ چوہدری محمد اکرم نے جوگی موڑ–ٹی سی پی سڑک کی اپگریڈیشن کے جاری کام کا اچانک دورہ کیا تاکہ منصوبے کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا جا سکے۔معائنے کے دوران ایم ایل اے نے تعمیراتی کام کے معیار پر سختی سے زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ سڑک کی تعمیر میں کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور مقررہ مدت کے اندر کام مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل علاقے کے عوام کیلئے بڑی سہولت ثابت ہوگی۔چوہدری اکرم نے اس موقع پر محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران کو ہدایت دی کہ سڑک کے ساتھ مناسب نکاسی آب کا نظام بھی وضع کیا جائے تاکہ مستقبل میں پانی جمع ہونے یا سڑک کے نقصان سے بچا جا سکے۔انہوں نے موقع پر موجود عوامی شکایات کو بھی سنا اور کئی زیر التواء معاملات کو وہیں حل کر دیا تاکہ کام میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔علاقے کے لوگوں نے ایم ایل اے کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ سڑک سرنکوٹ کے لوگوں کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، کیونکہ اس پر روزانہ بھاری ٹریفک گزرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چوہدری اکرم کی خصوصی توجہ سے یہ منصوبہ جلد مکمل ہوگا اور عوام کو ایک معیاری و محفوظ سڑک میسر آئے گی۔