جموں کشمیر میں کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ بڑھایا گیا:مشیر بھٹناگر
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کہاکہ جموں و کشمیر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھایا گیا ہے۔ان باتوں کا اظہار مشیرموصوف نے یہاں پولو گرائونڈ کے کثیر المقاصدانڈورہال میں29ویں جونیئر نیشنل تھنگ تا چمپئن شپ 2023 کی تمغوں کی اعزازی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس چمپئن شپ کا انعقاد جموںوکشمیر تھنگ تا ایسو سی ایشن نے تھنگ تا فیڈریشن آف انڈیا کے زیر اہتمام جموںوکشمیر سپورٹس کونسل کے اِشتراک سے کیا تھا۔ بھٹناگر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ ملک کے تمام حصوں سے آنے والی اس منفرد چمپئن شپ میں 550 سے زائد شرکا ء حصہ لے رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ چمپئن شپ میں شرکاء کے درمیان مسابقتی مقابلے دیکھنے میں نوجوانوں میں اس کی مقبولیت کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کھیل جموں و کشمیر میں بھی مقبول ہو رہا ہے جس میں تمام اضلاع کے نوجوانوں کی فعال شرکت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ ایل جی کی زیر قیادت انتظامیہ ہر شعبے میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے پُرعزم ہے۔مشیر موصوف نے تمغہ جیتنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات نہ صرف ذاتی ترقی اور جسمانی فٹنس کے لئے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہیں بلکہ شرکاء میں نظم و ضبط اور خود اعتمادی کو بھی فروغ دیتی ہیں۔انہوںنے اس شاندار ایونٹ کی میزبانی میں سپورٹس کونسل کی کوششوں کی بھی سراہنا کی ۔ انہوں نے جموں و کشمیر تھنگ تا ایسوسی ایشن کی آرگنائزنگ کمیٹی کو چمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی۔تقریب میں ہریانہ کو مجموعی طور ٹیم چمپئن قرار دیا گیا ،منی پور کو پہلارَنر اَپ اور جموںوکشمیر کو چمپئن شپ میں دوسرے نمبر پر رکھا گیا۔