سرینگر// جواں سال عالم دین اور امام جمعہ چھترگام چاڈورہ سید مصطفی الموسوی کی وفات پر گہرے رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغاسید حسن نے مرحوم کی گرانقدر دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور مرحوم کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ مرحوم حوزہ علمیہ قم اسلامی جمہوریہ ایران کے فارغ التحصیل تھے ۔انجمن کے بیان کے مطابق مرحوم ایک باعمل اورتقویٰ شعار عالم دین ہونے کے ساتھ ساتھ اصلاح معاشرہ کے امورات میں خصوصی دلچسپی رکھنے والی شخصیت کے حامل تھے۔آغا حسن نے اُن کی نماز جنازہ کی پیشوائی کی۔اس دوران پیروان ولایت کے سرپرست اعلیٰ مولانا سبط محمد شبیر قمی ،صدر تنظیم مولانا شبیر احمد صوفی، سیکریٹری جنرل آغا سید محمد یعسوب اور شعبہ فلاح عام اور مجلس عاملہ کے تمام اراکین نے پرنم آنکھوں سے مرحوم کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اُن کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔درایں اثناء لبریشن فرنٹ نے مولاناسید مصطفی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ فرنٹ کے ایک وفد نے اُن کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ دریں اثناء جموں و کشمیر بزم سادات ہمدانیہ نے آغا سید مصطفی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا گیا۔