جن لوگوں نے میرے لئے پسینہ بہایا ،میں ان کیلئے اپنا خون بہائوں گا: رمن بھلہ

  جموں// جموں پارلیمانی نشست کے کانگریس امیدوار رمن بھلہ نے کہا کہ 'جن لوگوں نے انتخابی مہم کے دوران میرے لئے اپنا پسینہ بہایا میں ان کے لئے اپنا خون بہائوں گا'۔جمعہ کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس امیدوار رمن بھلہ نے اپنی جماعت، جماعت کے لیڈران، نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور رائے دہندگان کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ جموں پارلیمانی نشست کے لئے جمعرات کو پہلے مرحلے کے انتخابات کے تحت ووٹ ڈالے گئے۔رمن بھلہ جنہیں نیشنل کانفرنس کی اعلانیہ اور پی ڈی پی کی غیر اعلانیہ حمایت حاصل تھی، نے کہا 'جن لوگوں نے بھی میرا ساتھ دیا میں ان کو یقین دلاتا ہوں کہ میں اپنے الفاظ پر قائم ہوں۔ میں نے کہا تھا کہ انتخابی مہم کے دوران آپ کا پسینہ بہے گا تو رمن بھلہ کا خون آپ کے لئے بہے گا'۔انہوں نے کہا 'مجھ پر بھروسہ کرنے اور میرے لئے انتخابی مہم چلانے کے لئے میں اپنی پارٹی، راہل گاندھی جی اور جی اے میر صاحب کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ کانگریس کے ہر ایک لیڈر اور کارکن نے میرا بھرپور ساتھ دیا۔ میں ووٹ ڈالنے کے لئے اپنے گھروں سے نکلنے والے سبھی لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں'۔انہوں نے مزید کہا 'جہاں پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں وہاں پر میں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کا بھی مشکور ہوں۔ میں ان کا مشترکہ امیدوار تھا۔ ان کے لیڈران نے انتخابی مہم چلانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی'۔رمن بھلہ کے مدمقابل بی جے پی کے جگل کشور شرما اور ڈوگرہ سوابھیمان سنگٹھن کے چوہدری لال سنگھ ہیں۔