سرینگر // ہندپاک کشیدگی ختم کرنے کیلئے مزاکرات کو واحد راستہ قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاورق عبداللہ نے کہا ہے کہ جنگی جنون پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں ہے اور پاکستان کو اپنی سرزمین سے ملی ٹنسی کا مکمل طور خاتمہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان نے ایسا نہیں کیا تو یہ دنیا میں ایک دہشت گرد ملک کہلائے گا اور اس ملک کے عوام پر مصیبتیں آئیں گی۔ سابق سیکریٹری اری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول فارو ق احمد شاہ کی نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے کے سلسلے میں نوائے صبح کمپلیکس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’’ کچھ لوگ بڑی خوشی سے جنگ کی باتیں کر رہے ہیں، آپ کو اللہ سے دعاکرنی چاہئے کہ اللہ ہم سب کو جنگ سے بچائے، آج تک چار جنگیں ہوئیں، اُس میں ہم ہی لوگ مارے گئے ،مگر نتیجہ کچھ نہیں نکلا ‘‘ ۔ انہوں نے کہا ’’اگر دونوں ممالک کے درمیان مسائل کا کوئی حل نکالنا ہے تو وہ بات چیت سے ہی نکل سکتا ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی سرزمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنا چاہئے ۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا ’’مجھے خوشی ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ایک نمائندہ (ممبر پاکستان قومی اسمبلی رمیش کمار) کو بھارت بھیجا ،جنہوں نے وزیر اعظم ہندوستان سے بات کی، اور مجھے اُمید ہے کہ یہ جو جنگ کا ماحول پیدا ہو گیا تھا اُس میں کمی آجائے‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں ابھی بھی وہ طاقتیں ہیں جو مسلمانوں کو ہر طریقے سے مصیبت میں دھکیلنا چاہتی ہیں ۔فاروق عبداللہ نے کہا ’’ اگر ہمارا ایمان سچا ہے تو وہ ہم پر کبھی بھاری نہیں پڑ سکتے ہیں وہ کبھی جیتیں گے نہیں ‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ ہمارا مذہب اسلام ہم کو نفرتیں نہیں سکھاتا ، بلکہ بھائی چارہ سکھاتا ہے ،ایک دوسرے کی مدد کرنا سکھاتا ہے‘‘ ۔