یواین آئی
کیف// روس اور یوکرین میں دو سال سے زائد عرصے سے جنگ جاری ہے اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی روس کی فوجی طاقت کے قائل نظر آتے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے گزشتہ روز وسطی ایشیائی ذرائع ابلاغ سے ایک انٹرویو میں روس کی فوجی طاقت کا اعتراف کر لیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ روس کے خلاف مل کر کام کریں کیونکہ کوئی بھی ملک تنہا ماسکو کے ساتھ جنگ میں مقابلہ نہیں کر سکتا۔زیلنسکی نے کہا کہ جب فروری 2022 میں روس نے یوکرین کے خلاف فوجی آپریشن شروع کیا تو ہم اکیلے تھے مگر تنازع کے بعد مغربی ممالک کی حمایت کی وجہ سے ہم آج تک ان کا مقابلہ کر رہے ہیں، تاہم اب بھی ایسے ہی مضبوط اتحاد کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت ہے کہ دنیا روس کو دھمکائے بغیر صرف یہ دکھائے کہ وہ ان کے خلاف کتنی متحد اور کتنی مضبوط ہے۔یوکرینی صدر نے مزید کہا کہ دنیا کی جانب سے ماسکو کو دیے جانے والے اس پیغام کا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ پیوٹن اپنی بقا اور اپنی سلامتی کے بارے میں سوچیں اور روسی لوگ یہ سوچیں کہ وہ اپنے ملک کی آزادی کو کھونے سے کیسے بچ سکتے ہیں۔