تل ابیب// اسرائیل کی فوجی جارحیت جاری ہے اور غزہ میں تباہی کا عالم ہے۔ 23ہزار افراد موت کی آغوش میں جاچکے ہیں۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ میں مقاصد کے حصول تک جنگ جاری رکھنے کا اعلان کیا۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی سربراہی میں کل کیبنٹ کا اجلاس ہوا جس میں اسرائیلی وزیراعظم نے حماس کے خلاف فوجی ایکشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔وارکیبنٹ سے خطاب میں نیتن یاہو نے کہا کہ اگر ہم اپنے مقاصد پورے کرتے ہیں تو صرف کامیابی حاصل کریں گے، ہم شمالی اور جنوبی غزہ کے لوگوں کے لیے سکیورٹی کو واپس لائیں گے۔ ادھر اسرائیل کے فوجی سربراہ ھرتزل لوی نے کہا کہ غزہ میں تین ماہ سے جاری تنازعہ ممکنہ طور پر 2024 تک جاری رہے گا اور دوسرے محاذوں تک پھیل جائے گا۔ادھر بچوں کی امداد کے لیے اقوام متحدہ کی تنظیم یونیسیف نے کہا ہے کہ غزہ میں ہر روز 10 سے زیادہ بچے اعضا سے محروم ہورہے ہیں۔ یونیسیف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دھماکوں سے بچوں کے کمزور اعضا زیادہ چوٹوں کا شکار ہوتے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک ایک ہزار سے زیادہ بچے ایک یا دونوں ٹانگوں سے معذور ہوگئے ہیں۔