یواین آئی
غزہ// غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک بچے سمیت دو فلسطینی جان بحق ہو گئے۔عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ نافذ ہونے والی جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کی غزہ میں کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔فلسطینی تنظیم حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل جنگ بندی کے بعد سے غزہ میں روزانہ کی بنیاد پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے جن میں 10 اکتوبر سے لے کر اب تک 271 فلسطینی شہری جان بحق اور 600 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔حماس کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کے حملوں کا نشانہ بننے والے علاقوں میں زیادہ تر رہائشی عمارتیں اور عام شہری متاثر ہو رہے ہیں، اسرائیل دو منزلہ عمارتوں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر نشانہ بنا رہا ہے۔دوسری جانب اسرائیل نے غزہ کے لیے امدادی سامان کی فراہمی پر بھی سخت پابندیاں برقرار رکھی ہوئی ہیں جو جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزی ہے۔واضح رہے کہ معاہدے کے مطابق روزانہ 600 امدادی ٹرکوں کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جانی تھی جن میں ایندھن کے 50 ٹرک بھی شامل تھے لیکن اتوار کے روز صرف 270 ٹرک ہی غزہ میں داخل ہوسکے۔