جنگلات ڈویڑن بھدرواہ کے رینج بھلیسہ میں محکمہ کی بڑی کارروائی

 ڈوڈہ //ڈوڈہ کی جنگلات ڈویڑن بھدرواہ کے رینج بھلیسہ میں محکمہ کی ایک ٹیم نے کمپارٹمنٹ 3جطوطہ میں دس کنال اراضی پر ناجائز قبضہ چھڑا کر کئی ڈھانچوں کو مسمار کیا ہے۔رینج آفیسر بھلیسہ سریش جموال کی قیادت میں جمعرات کو کمپارٹمنٹ تین جطوطہ علاقہ میں دس کنال اراضی پر مقامی لوگوں کی طرف سے کئے گئے ناجائز قبضہ ہٹانے کے لئے محکمہ جنگلات کے ملازمین موقع پر گئے اور وہاں پر تعمیر کئے گئے ڈھانچوں کو توڑ کر فصلوں کو بھی تباہ کیا۔ ڈی ایف او بھدرواہ چندر شیکھر کی زیر نگرانی ہوئی کارروائی کو اگر چہ سیول سوسائٹی نے سراہا ہے لیکن عوامی سطح پر محکمہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ صرف غریب کنبوں کو نشانہ بنا رہا ہے جبکہ اثرورسوخ رکھنے والے افراد کے ساتھ نرمی سے پیش آتے ہیں۔دھر رینج آفیسر بھلیسہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا آفیسر ان بالا کی زیر نگرانی محکمہ نے جنگلات کے تحفظ و جنگل مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم شروع کی ہے۔. انہوں نے کہا کہ درختوں کا ناجائز کٹاؤ و جنگلات کی اراضی پر کسی کو بھی غیر قانونی قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی. آر او نے سیول سوسائٹی ممبران سے تعاون طلب کیا ہے۔