عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وادی بھر میں اتوار کو متعدد مقامات پر جنگلات میں زبردست آگ بھڑک اٹھی اورماہرین نے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ کو موسمی عوامل اور انسانی لاپرواہی قرار دیا ہے۔ ترال کے پنگلش علاقے میں جنگل میں آگ لگی جوپھرپھیل گئی ۔ایک اہلکار نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے دادو مرہامہ علاقے میں بھی جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی۔حکام کا کہنا ہے کہ وہ جلد از جلد آگ پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔بانڈی پورہ ضلع کے کنن نامی گائوں میں بھی شام کو جنگل میں زبردست آگ بھڑک اٹھی، جس سے حکام اور ہنگامی ٹیموں کو موقع پر پہنچنا پڑا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ آگ تیزی سے پھیلی جس نے جنگل کے وسیع حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور آس پاس رہائشیوں میں تشویش پیدا ہوگئی۔انہوں نے کہاکہ دھوئیں کے گہرے بادل دور سے دکھائی دے رہے تھے۔دریں اثناء انتظامیہ نے آگ پر قابو پانے کیلئے ٹیمیں تعینات کر دی ہیں، جبکہ مقامی رضاکار مزید نقصان کو روکنے کے لیے کوششوں میں شامل ہو گئے ہیں۔ابھی تک، تباہی کی حد معلوم نہیں ہے۔ایک اہلکار نے بتایا کہ وہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور آگ بجھانے کی کارروائیاں جاری ہیں۔آگ لگنے کی وجہ کا ابھی تک تعین نہیں ہوسکا ہے، اگرچہ جنگلات میں خشک حالات نے اس کے پھیلا ئومیں اہم کردار ادا کیا ہے۔ماہرین جنگلات کی آگ میں اضافے کی وجہ موسمی عوامل اور انسانی لاپرواہی دونوں کو قرار دیتے ہیں۔جاری خشک موسم نے جنگلات کو آگ لگنے کیلئے مزید حساس بنا دیا ہے اور ماضی قریب میں آگ لگنے کے بہت سے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔