سرینگر/جنوبی کشمیر کے پلوامہ قصبہ میں جمعہ کی صبح پُر تشدد مظاہرے بھڑک اُٹھے۔
یہ مظاہرے ضلع کے رینزی پورہ نامی گائوں میں فورسز کے ساتھ مختصر گولیوں کے تبادلے میں ایک جنگجو کے جاں بحق ہونے کے بعد شروع ہوئے۔
مذکورہ جنگجو کی شناخت اشفاق وانی ساکنہ کوئیل کے طور ہوگئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اشفاق کے جاں بحق ہونے کی خبر پھیلتے ہی قصبہ میں نوجوان سڑکوں پر آئے اور فورسز پر سنگباری کرنے لگے۔
عینی شاہدین کے مطابق فورسز نے جواب میں آنسوگیس کے گولے داغے اور یوں وہاں جھڑپیں شروع ہوگئیں۔
اس سے قبل جنگجوئوں نے اونتی پورہ علاقے کے رینزی پورہ گائوں میں فوج کی ایک گشتی پارٹی کو گولیوں کا نشانہ بنایا جس کے بعد طرفین میں گولیوں کا مختصر تبادلہ ہوا۔
پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں اشفاق وانی نامی جنگجو جاں بحق ہوگیا ۔
اطلاعات کے مطابق جائے مقام سے دو جنگجو بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔