آرونی/ملک عبدالسلام/ جنوبی قصبہ بجبہاڑہ کے آرونی علاقہ میں اس وقت فورسز نے ٹیر گیس کے بعد ہوا میں گولیاں چلائیں،جب ایک مقامی جنگجو کے گھر پر فورسز نے چھاپہ مار کارروائی کی۔اس دوران ریل سروس کو بھی کچھ وقفہ کیلئے معطل رکھا گیا۔ بجبہاڑہ کے مکڑ پورہ آرونی کا علاقہ بدھ کو اس وقت ٹیر گیس کے گولوں سے گونج اٹھا اور ہر سو افراتفری و کشیدگی کا ماحول پیدا ہوا،جب فوج اور ٹاسک فورس نے ایک مقامی جنگجو ساحل احمد مکروکے گھر پر چھاپہ مارا۔اس دوران چھاپے کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ نوجوانوں نے نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ صاحب مالک محمد اکرم مکرو کو بے جا ستایا جا رہا ہے،اور آئے دن اس کے گھر پر چھاپہ ماری کی جاتی ہے۔ نوجوان فوج کی اس کارروائی پر سیخ پا ہوئے اور اہلکاروں پر سنگبازی کی،جس کے ردعمل میں نوجوانون کو منتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس کے گولوں کا استعمال کیا گیا۔جب سنگبازی انتہا کو پہنچی تو ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے مرچی گیس کے گولے بھی داغے گئے اس موقعہ پر فوج نے بھیڑ اور سنگبازوں کو منتشر کرنے کیلئے ہوا میں گولیوں کے کئی رائونڈ چلائے۔ مقامی لوگوں نے محمد اکرم مکرئو کو بے جا ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اکثر و بیشتر ان کے گھر پر شبانہ چھاپہ ماری ہوتی ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق فوجی دستوں نے،کئی گھروں میں داخل ہو کر گھریلوں سامان کو بھی تہس نہس کیا۔ نوجوان ریلوے اسٹیشن کے نزدیک بھی جمع ہوئے،اور وہاں پر فورسز کیمپ کو نشانہ بناتے ہوئے سنگبازی کی۔یہاں بھی شلنگ کی گئی جس کے باعث پنجگام میں ہی ریل کو روکا گیا۔