اونتی پورہ+سوپور //اونتی پورہ اور سوپور میں جنگجوئوں کی ہلاکتوں کیخلاف جمعہ کو دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال رہی، جس دوران ان علاقوں میں معمولات کی زند گی بری طرح متاثر رہی۔جنوبی کشمیر کے قصبہ اونتی پورہ اور ملنگ پورہ میں جمعہ کومکمل ہڑتال رہی ۔ اس دوران قصبے میں تمام سرکاری و غیر سرکاری کار باری اور تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے مکمل بند رہے جبکہ دفاتر میں ملازمیں کی حاضری نہ ہونے کے برابر رہی ۔ادھر ملنگ پورہ ،کاونی اور دیگر چھوٹے گائوں میں بھی مکمل ہڑتال رہی جبکہ ملنگ پورہ سے کوئی بھی گاڑی پلوامہ نہیں جا سکی ۔ ادھر معراج الدین نامی جنگجو کی ہلاکت پر سوپور قصبے میں سبھی دکانات، کاروباری ادارے اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ بھی غائب رہا، تاہم اکا دکا نجی گاڑیاں چلتی ہوئی دیکھی گئیں۔حکام نے قصبہ میں تعلیمی ادارے جمعہ کیلئے بند رکھے تھے ۔اس دوران لوگوں کی ایک خاصی تعداد نے جاں بحق جنگجو کے گھر جاکر لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور یہ سلسلہ دن بھر جاری رہا ۔