سرینگر//پولیس نے سنیچر کو جنوبی ضلع پلوامہ کے ترال میں دوران شب ایک خاتون گولی لگنے سے زخمی ہونے کے واقعہ کی تحقیقات شروع کی ۔یہ واقعہ ترال کے ڈارگنائی گنڈ علاقے میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق 36سالہ شکیلا بانو زوجہ غلام نبی لون ساکن ڈار گنائی گنڈ (ترال) کو دوران شب گولی لگ گئی جس کے بعد اس کے سسرال والوں نے خاتون کو آری پل اسپتال پہنچایا جہاں سے اسے سب ضلع اسپتال ترال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے مزید بتایا گیا کہ خاتون کے سسرال والوں نے اس کے گولی سے زخمی ہونے کی بات چھپانے کی کوشش کی تاہم اسے زخمی حالت میں سرینگر کے صدر اسپتال پہنچانے پر ڈاکٹروں کو اس کے بدن پر گولی لگنے کا انکشاف ہوا۔
بعد میں پولیس کی ایک ٹیم خاتون کے گھر پہنچ گئی اور تلاشی لینے پر چلائی ہوئی ایک گولی حاصل کی۔
اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔