اننت ناگ +پلوامہ // جنوبی کشمیر میں 6 جنگجوئوں کی ہلاکت پر ہمہ گیر ہڑتال رہی جس کے دوران اننت ناگ اور ریڈونی میں پر تشدد واقعات بھی پیش آئے۔ادھر پلوامہ میں جنگجو کمانڈر کو سپرد خاک کیا گیا جس کی نماز جنازہ میں ہزاروں لوگ شریک ہوئے۔سنیچر کو اننت ناگ، کولگام اور پلوامہ اضلاع میں مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال رہی جبکہ شوپیان میں جزوی اثر دیکھنے کو ملا۔ اننت ناگ، کولگام اور پلوامہ اضلاع کے علاوہ اونتی پورہ، کیموہ، دیالگام، کوکر ناگ، ڈورو، مٹن، قاضی گنڈ، دچھنی پورہ، سری گفوارہ، بجبہاڑہ، آرونی، کاکہ پورہ، راجپورہ، لاسی پورہ ، لتر دمھال ہانجی پورہ، نور آباد اور دیوسر کے علاوہ دیگر متعدد مقامات پر کاروباری و تجاری ادارے بند رہے اور ٹرانسپورٹ بند رہا۔تاہم شوپیان میں جزوی ہڑتال رہی۔نئی بستی اور کھنہ بل میں پتھرائو اور شلنگ کے واقعات پیش آئے جبکہ ریڈونی میں بھی پر تشدد واقعات رونما ہوئے۔اس دوران سٹھکی پورہ بجبہاڑہ جھڑپ میں جاں بحق جنگجو کمانڈر فردوس احمد ساکن مژھ پونہ کو سنیچر کی صبح قریب گیارہ بجے سپرد خاک کیا گیا۔جاں بحق جنگجو کی نماز جنازہ7مرتبہ ادا کی گئی جن میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ،بعد ازاں اُسے مقامی قبرستان میں سپرد لحد کیا گیا ۔یاد رہے کہ سٹکی پورہ بجبہارہ میں جمعہ کی علی الصبح فورسز کے ساتھ جھڑپ میں جاں بحق دیگر5 جنگجو جمعہ کو ہی دن کئے گئے تھے۔سیکورٹی وجوہات کی بناء پر بارہمولہ بانہال ریل سروس معطل رہی جبکہ جنوبی کشمیر میں تیز رفتار انٹر نیٹ خد مات بھی منقطع رہیں ۔