رہائشی مکانوں، مساجد، سکولوں اور طبی اداروں کی عمارتوں کی چھتیں اڑ گئیں، درخت گر گئے، کھمبے اکھڑ گئے
عارف بلوچ+محمد تسکین +عاصف بٹ+اشتیاق ملک +عشرت حسین بٹ
اننت ناگ+ بانہال+ کشتواڑ+ ڈوڈہ+ راجوری+پونچھ //جموں وکشمیر میں خراب موسمی حالات کے بیچ سنیچر کی سہ پہر تیز ہوائوںاور بارش نے وادی،خطہ چناب و پیر پنچال میں تباہی مچا دی ۔اس دوران ڈوڈہ میں ایک خاتون لقمہ اجل اور اسکے دو کمسن بچے شدید زخمی ہوئے۔قہر انگیز آندھی سے جنوبی کشمیر،کشتواڑ، ڈوڈہ اوررام بن میں سینکڑوں رہائشی مکانات اور سکول عمارتوں کی چھتیں اڑ گئیں۔صرف رام بن ضلاع میں 150مکانوں کو نقصان ہوا ہے جبکہ مجموعی طور پر اننت ناگ، کولگام،ڈوڈہ، کشتواڑ ، راجوری اور پونچھ میں350سے زائد رہائشء ڈھانچے مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوئے ہیں۔
اننت ناگ
تیز ہوائوں نے نوگام ویری ناگ میں نجی سکول سمیت کئی ڈھانچوں کو شدید نقصان پہنچایا ۔ ہفتہ کی صبح نوگام میں نجی پبلک سکول(نورانی پبلک سکول)سمیت 6 دیگر ڈھانچوں کو شدید نقصان پہنچا ۔تیز آندھی کے باعث بیشتر ڈھانچوں کے چھتیں اڑ گئیں جبکہ کئی درخت مکانوں پر گر گئے۔متاثرین میں محمد امین لاوے،محمد عباس پڈر،علی محمد پڈر،ظہور احمد شیخ،علی محمد چوپان،نثار احمد وگے وغیرہ شامل ہیں۔نورانی پبلک سکول کی چھت ویری ناگ کپرن سڑک پر گر گئی ۔ حالن کپرن میں عبدالسلام ملک کے مکان کو نقصان پہنچا ہے۔براگام گنڈ میں مسجد شریف کی چھتیں آندھی کے باعث زمین پر گر گئیں۔ناڈورہ،بٹہ گنڈ گجر بستی اور میرمیدان میںکئی مکانوں و گاؤخانوں کو نقصان پہنچنا۔پانزتھ قاضی گنڈ میں گورنمنٹ پرائمری سکول کی چھت اڑ گئی۔یہاں بشیر احمد راتھر، اسد اللہ نائیک، غلام حسن راتھر اور نذیر احمد شیخ نامی افراد کے رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ نذیر احمد شیخ کا رہائشی مکان ڈہہ گیا۔بونہ دیالگام میں بھی مکان کی چھت اڑ گئی ۔طوفانی بارشوں اور تیز ہوائوں کی وجہ سے ڈورکے کئی علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے،بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے ہیںاور بجلی منقطع ہے۔ویری ناگ میں 42،ڈورو میں 47اور قاضی گنڈ تحسیل میں 15 ڈھانچوں کو نقصان پہنچا۔اسی طرح کولگام ضلع میں 119 مکانات کو نقصان پہنچا ، جن میں دمحال ہانجی پورہ تحصیل کے 95،دیوسر کے 6 اور کولگام و پہلو تحصیلوں کے 18مکان شامل ہیں۔ ادھروسطی و شمالی کشمیر میں مچھ کنی ناراناگ وانگت کنگن میں تیز بارشوں کے نتیجے میں محمد یونس کھٹانہ ولد محبوب کھٹانہ کے گاؤ خانے پر ایک بھاری برکم پتھر گرآیا جس کے نتیجے میںتین بھیڑیں ہلاک ہوگئے ۔ اوڑی کے نامبلہ علاقے میں مدرسہ فیض القرآن کی چھت کو نقصان پہنچا ۔
بانہال /گول
ضلع رام بن میں طوفانی ہوائوںسے درجنوں رہائشی مکانوں ، سکولوں ، ہسپتالوںکی عمارتوں کی چھتیں اڑ گئیں۔ بانہال ، کھڑی مہو منگت ، رامسو چک سربگھنی ، پوگل پرستان ، رام بن ، گول ، بٹوٹ اور راجگڑھ کے علاقوں میں درجنوں رہائشی مکانوں ، سکولوں اور ہسپتال عمارتوں کو نقصان پہنچا ۔ ہائی سکول کملہ ترگام ، مڈل سکول کڈجی منگت ، مڈل سکول ٹینکہ منگت ، پرائمری ہیلتھ سینٹر منگت کو شدید نقصان پہنچا ۔ طوفانی ہوا ئوںکے زور سے افتتاح سے قبل ہی پرائمری ہیلتھ سینٹر مہو منگت کی عمارت کے کھڑکیاں اور دروازے نکل کر باہر بکھر گئے ۔ تیز ہوا اور درختوں کے گرنے سے دارالعلوم غوثیہ فریدیہ بٹوٹ کی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ۔ مدرسہ کے منتظمین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دارالعلوم میں زیر تعلیم طلاب کی چھٹیاں چل رہی تھیں اور کوئی بھی طالبعلم اسوقت مدرسہ میں موجود نہیں تھا۔ڈپٹی کمشنررام بن بصیر الحق نے شام دیر گئے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ضلع میں قریب 150تعمیراتی ڈھانچوں کو شدید نقصان پہنچا ۔ انہوں نے کہا کہ ان میں 150مکانات کے علاوہ سکول و طبی عمارتیں یا تو مکمل طور پر یا جزوی طور پر تباہ ہوئی ہیں۔ ادھر دو روز کی لگا تار بارشوں سے جن لوگوں کے رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا ان میں امتیاز احمد ولد احمدو بیگ ساکن کلی مستا، علاقہ داچھن میں علی محمد کھٹانہ، ہارون احمد بیگ ، طارق احمد بٹ ساکن ڈوگن، عبدالرشید ساکن تنگالی، غلام علی شیخ ساکن گاگرہ ،محمد شریف گوجر ساکن مہا کنڈ ، غلام عباس تراگوال ساکن اندھ، محمد رفیع گنڈی گاگرہ، جمال الدین سہمت ساکن گاگرہ شامل ہیں۔ گورنمنٹ مڈل سکول ڈلواہ کی چھت پر درخت گرنے کی وجہ سے دو کمرے مکمل طو رپر تباہ ہو گئے ۔
ڈوڈہ +کشتواڑ
ڈوڈہ ضلع میں ہفتہ کے روز تیز آندھی، ژالہ باری و شدید بارشوں کی وجہ سے درجنوں رہائشی مکانات، دوکانات کو نقصان پہنچا ۔ اس دوران ایک 33 سالہ خاتون ہلاک اور دو افراد زخمی ہوئے۔شدید بارش ،طوفانی آندھی و ژالہ باری کی وجہ سے گندوہ کے چانٹی بھٹماس گاؤں میں ایک خاتون و کمسن لڑکے ٹین کی چادریں گرنے سے شدید زخمی ہوئے ۔ جن میں سے بعد میں سوناکھشی دیوی (33)زوجہ پردیپ سنگھ لقمہ اجل جبکہ لکی کمار (16)ولد رمیش کمار ساکن بھٹماس زخمی ہوا۔گندوہ کے ڈھوسہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ریون سنگھ (18)ولد نریش کمار شدید زخمی ہوا ۔کشتواڑ میں کئی مقامات پر رہائشی ڈھانچوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ کل 10 رہایشی ڈھانچوں کو نقصان پہنچا جن میں سے 9 کو جزوی جبکہ 1رہایشی ڈھانچہ مکمل طور تباہ ہوگیا۔ مغل میدان میں تین ،پتھمالہ میں ایک جبکہ تریگام میں چھ رہایشی ڈھانچوں کو نقصان پہنچا۔
منڈی
پونچھ کی تحصیل منڈی کے دور دراز علاقوں میں چار رہائشی مکان جزوی طور پر تباہ ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق گزشتہ شب منڈی کے کینوں علاقہ میں محمد عارف ولد محمد شفیع اور رفاقت خان ولد محمد عارف کے رہائشی مکان بھاری پتھر گرنے سے ایک شیڈسمیت تباہ ہوئے۔ ادھر ساوجیاں کے اوڑی پورہ میں بشیر احمد ڈار ولد محمد ڈار اور منظور احمد ولد محمدڈار کے رہائشی مکانوں کی چھتیں ٹوٹ گئیں۔ تیز رفتار آندھی کی وجہ سے گورنمنٹ ہائی سکول بانڈی چچیاں کی عمارت کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ۔اس دوران شمسی توانائی کے پلانٹ کو شدید نقصان پہنچا۔